13 نومبر ، 2024
خیبر پختونخوا کے وزیر تعلیم فیصل ترکئی کی اساتذہ کے احتجاج پر صوبائی اسمبلی کے ارکان سے گفتگو کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں وزیر تعلیم کا کہنا تھاکہ اساتذہ کوکہا وفاق کے ذمے ہمارے پیسے ہیں، مل کر احتجاج کرتے ہیں، پروموشن چاہیے تو صوبےکے حقوق کیلئے ساتھ آواز اٹھائیں۔
ان کا کہنا تھاکہ وفاق نے ہمارے پیسے روک رکھے ہیں، ہمیں شوق تونہیں کہ ہمارے پاس پیسے ہوں اور کام نہ کر رہے ہوں۔
دوسری جانب اس حوالے سے جیو نیوز سے گفتگو میں صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی کا کہناتھاکہ اساتذہ کی اپ گریڈیشن سےمتعلق میرابیان سیاق وسباق سےہٹ کرپیش کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ میرے کہنے کا مقصد تھا وفاق سے صوبے کا حق لینے میں اساتذہ ہماراساتھ دیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خیبر پختونخوا کے اساتذہ نے رواں ماہ کے آغاز میں احتجاج کا اعلان کیا تھا اور 6 روز تک دھرنا دیا تھا۔