13 نومبر ، 2024
صوبہ سندھ میں محکمہ تعلیم نے ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی کا مسودہ منظور کرلیا۔
محکمہ تعلیم سندھ کے اعلامیہ کے مطابق وزیر تعلیم سندھ سردار علی شاہ کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان کی پہلی “ٹرانس جینڈر ایجوکیشن پالیسی” کا مسودہ منظور کر لیا گیا۔
سندھ کے اسکولز اور کالجز کے داخلہ فارم میں مرد اور خواتین کے خانے کے ساتھ ٹرانس جینڈر بچوں کیلئے بھی خانہ شامل کرنے اور اساتذہ کی بھرتیوں کے دوران نوکریوں میں کوٹہ مختص کرنے کو بھی پالیسی کا حصہ بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
پالیسی کو قانون حیثیت دینے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔
اجلاس کو آگاہی دی گئی کہ 2023 کی مردم شماری کے مطابق پاکستان میں ٹرانس جینڈر افراد کی تعداد 20331 ہے جبکہ سندھ میں 2023 کی مردم شماری کے تحت 4222 افراد ٹرانس جینڈر کمیونٹی سے ہیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پالیسی ڈرافٹ بنانے کے لیے ٹرانس جینڈر افراد کے لیے کام کرنے والی نمائندوں کی ہر ممکن مدد لی گئی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سید سردار علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں ٹرانس جینڈر افراد کی تعلیم کے حوالے سے کئی چیلنجز رپیش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ سے پالیسی کو قانونی شکل ملنے کے بعد ٹی وی، ریڈیو، سوشل میڈیا اور اخبارات میں ٹرانس جینڈر بچوں کی تعلیم کی اہمیت پر مہمات بھی چلائی جائیں گی۔