Time 14 نومبر ، 2024
پاکستان

احتجاج کا مقصد بانی پی ٹی آئی سمیت کارکنان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی ہے: عمر ایوب

احتجاج کا مقصد بانی پی ٹی آئی سمیت کارکنان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی ہے: عمر ایوب
فوٹو: فائل

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ 24 نومبر کے احتجاج کی کال کا مقصد بانی پی ٹی آئی سمیت تحریک کے بے گناہ کارکنوں کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ ان پر 100 سے زائد مقدمات قائم ہوچکے ہیں جن میں فارینرز ایکٹ کے مقدمات بھی شامل ہیں۔

عمر ایوب نے کہا کہ دو ماہ سے بانی تحریک انصاف سے ملاقات نہیں ہونے دی جارہی ہے کہا جاتا ہے کہ بانی تحریک انصاف سے سیاسی گفتگو نہیں کرسکتے۔

چیمپیئز ٹرافی میں بھارتی ٹیم کی شرکت کے معاملے پر پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر بھارتی کرکٹ ٹیم پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کھیلنے نہیں آتی تو بھارتی ٹیم کے بغیر ہی چیمپئنز ٹرافی کے میچز ہونے چاہئیں۔

خیال رہے کہ بانی تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ 24 نومبر کو اسلام آباد کی طرف نکلنا ہے، پی ٹی آئی کی قیادت کو ہدایات دے دی گئی ہیں کہ کیا اور کس طرح کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ احتجاج کی تیاریاں مکمل ہیں، اِس بار مطالبات کی منظوری تک واپس نہیں آئیں گے۔

مزید خبریں :