14 نومبر ، 2024
جگر کا شمار جسم میں سب سے زیادہ کام کرنے والے اعضاء میں ہوتا ہے جسے ہم مشروبات کے استعمال سے نقصان پہنچا رہے ہیں، یعنی یوں کہنا غلط نہ ہوگا کہ جگر سے ہی کئی بیماریوں کا آغاز ہوتا ہے۔
سب سے پہلے جگر کی اہمیت کو جاننا ضروری ہے، جگر زہریلے مادوں کو فلٹر کرتا ہے، چربی کو میٹابولائز کرتا ہے اور ہاضمے کے نظام کو بہتر بناتا ہے جب کہ جسم میں خون بنانے کا کام بھی جگر کی ہی ذمہ داری ہے۔
لیکن لوگوں کو یہ معلوم نہیں کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر ایسے مشروبات کا استعمال کر رہے ہیں جو جگر کو تکلیف پہنچا کر اس کے نظام میں بگاڑ پیدا کرسکتے ہیں۔
آئیے جانتے ہیں وہ چند مشروبات کون سے ہیں۔
سوڈا
سوڈا میں تمام کولڈ ڈرنکس اور سافٹ ڈرنکس سمیت دیگر مشروبات بھی آتے ہیں، جن کا استعمال کم عمر بچوں سے لے کر بڑی عمر کے افراد کر رہے ہوتے ہیں۔
کینیڈین جرنل آف گیسٹرو اینٹرولوجی اینڈ ہیپاٹولوجی میں شائع ہونے والی ایک تحقیق کے مطابق سافٹ ڈرنکس کا باقاعدہ استعمال جگر میں چربی کی دراندازی سے گہرا تعلق رکھتا ہے۔
سوڈا ڈرنکس کی وجہ سے چربی جگر میں جمع ہوتی ہے، جو جگر میں سوزش کا سبب بنتی ہے اور جگر کے کام کرنے کی صلاحیت کو متاثر کرتی ہے۔
انرجی ڈرنکس
نوجوانوں میں انرجی ڈرنکس کا رجحان بہت زیادہ ہے، تاہم یہ آپ کو فائدہ دینے کے بجائے آپ کے جگر کو نقصان پہنچانے کا سبب بنتی ہیں۔
امریکی نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف میڈیسن کے مطالعے کے مطابق انرجی ڈرنکس کے استعمال کی وجہ سے جگر میں زخم ہوسکتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق انرجی ڈرنکس کا زیادہ استعمال جگر فیل ہونے کی وجہ بھی بن سکتا ہے جس کے سبب جگر ٹرانسپلانٹ کروانے کی ضرورت بھی پیش آسکتی ہے۔
چینی سے بھرے مشروبات
پھلوں کا شربت ہو یا آرٹیفیشل فلیورز والے شربت، سب میں ہی چینی کا استعمال کیا جاتا ہے اور گرمیوں میں ایسے مشروبات کا استعمال زیادہ ہوتا ہے۔
یہ ہی چینی جگر میں جلدی جذب ہوجاتی ہے اور پھر یہ جگر پر بوجھ بن جاتی ہے جو جگر کے نظام کو متاثر کرنے کے ساتھ ساتھ بہت سی دیگر بیماریوں میں مبتلا کرسکتی ہے۔