24 فروری ، 2013
سکھر … وفاقی وزیر مذہبی امور سید خورشید شاہ نے کہا ہے کہ اب جو بلدیاتی نظام آیا ہے وہ الیکشن کے بعد بھی قائم رہے گا، پیپلز پارٹی اس میں ردوبدل کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی۔ سکھر پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ بروقت الیکشن کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمے داری ہے، حکومت اپنی مقررہ مدت سے ایک گھنٹہ بھی آگے پیچھے نہیں ہوگی اور 16 مارچ کو نگراں سیٹ اپ آجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے طاہر القادری اور ق لیگ سمیت سیاسی جماعتوں سے مشاورت جاری ہے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بلوچستان حکومت بحال کرنے کا فیصلہ جلد ہوجائے گا، گورنر کو اختیارات دے دیئے گئے ہیں، پنجاب میں نیا صوبہ بنانے کے حوالے سے اسٹینڈنگ کمیٹی نے بل پاس کردیا ہے، نئے صوبے سے متعلق بل منگل یا بدھ کو سینیٹ میں پیش کردیں گے۔