17 نومبر ، 2024
اسرائیل نے شمالی غزہ اور لبنان پر حملے کرتے ہوئے مزید 96 افراد کو شہید اور درجنوں کو زخمی کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق شمالی غزہ میں اسرائیلی حملوں میں مزید 37 فلسطینی شہید ہوگئے، پناہ گزین الشاطئی کیمپ پر بھی بمباری کی گئی جہاں درجنوں فلسطینیوں کے شہید ہونے اطلاعات سامنے آر ہی ہیں۔
اس کے علاوہ جنوبی غزہ اور خان یونس میں ایک ہفتے سے ایندھن کی قلت کا سامنا ہے جبکہ 12 لاکھ فلسطینی پانی سے بھی محروم ہیں اور کئی بنیادی سروسز معطل ہوگئی ہیں۔
دوسری جانب لبنان میں بھی اسرائیلی فوج کے فضائی حملے جاری ہیں جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں 59 افراد شہید اور 182 زخمی ہوگئے۔
ادھر عالمی ادارہ صحت کے سربراہ کی جانب سے لبنان کے شہری دفاع کے مرکز پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی ہے جہاں حملے میں طبی عملے کے 12 کارکن شہید ہوئے تھے۔