19 نومبر ، 2024
پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ شریف خاندان کی جانب سے حسن نواز کے دیوالیہ ہونے پر بھٹو دور کو زیر بحث لانا درست نہیں۔
اپنے ردعمل میں ندیم افضل چن نے کہا کہ دیوالیہ آپ آج ہو رہے ہیں اور وہ بھی برطانیہ میں تو اس میں بھٹو دور کہاں سے بیچ میں آ گیا؟
ندیم افضل چن نے شریف خاندان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو حقیقت بتائیں کہ آپ نے اپنے آپ کو اس لیے دیوالیہ ظاہر کر دیا تاکہ برطانیہ میں ٹیکس ادا نہ کرنا پڑے، جو کرتوت یہاں پر ہیں وہی وہاں پر ہیں، کچھ تو شرم حیا کریں۔
پیپلز پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ اگر انہیں پیپلز پارٹی کی قیادت نہ روکے تو وہ سارا کچا چٹھا کھول کر رکھ دیں گے۔
خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے بیٹے حسن نواز کی کمپنی کو لندن ہائی کورٹ کی جانب سے دیوالیہ قرار دینے پر شریف فیملی نے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
شریف فیملی کے ترجمان نے کہا کہ دیوالیہ کرنے کا عمل 1972 سے شروع ہوا تھا، جب ذوالفقار بھٹو نے صنعتیں نیشنلائز کیں، متاثرین میں شریف خاندان بھی شامل تھا۔
ترجمان کا کہنا تھاکہ پھر جنرل پرویز مشرف نے شریف خاندان کی فیکٹریاں سیل کیں، گھروں پر قبضہ کیا، ثاقب نثار کے دور میں بھی شریف خاندان کی صنعتوں کو تباہ کیا گیا۔