19 نومبر ، 2024
بھارت کا مشہور کامیڈی ڈرامہ ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں جیٹھا لال کا کردار ادا کرنے والے اداکار دلیپ جوشی اور شو کے پروڈیوسر و ہدایتکار اسیت کمار مودی کے درمیان سخت تلخ کلامی ہوگئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں کے درمیان یہ جھگڑا اگست کے اوائل میں ہوا اور تلخ کلامی سے شروع ہونے والے جھگڑے میں نوبت یہاں تک آن پہنچی کہ دلیپ جوشی نے اسیت کمار کا گریبان پکڑ لیا۔
بھارتی میڈیا کو اندرونی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس کی وجہ دلیپ جوشی کی جانب سے اسیت کمار سے چند دن کی چھٹی مانگنا تھی تاہم اسیت کمار نے اجازت نہیں دی بلکہ ٹھیک سے بات بھی نہ کی جس پر دلیپ جوشی مشتعل ہوگئے اور نوبت ہاتھا پائی تک پہنچ گئی تھی۔
بتایا جاتا ہے کہ کش شاہ کے شوٹ کا یہ آخری دن تھا اور دلیپ جوشی اسیت کمار کے انتظار میں بیٹھے تھے کہ وہ نکلیں تو ان سے چھٹی کی بات کریں لیکن اسیت کمار باہر نکلے تو انہوں نے دلیپ جوشی کو نظر انداز کرکے کش سے ملنے چلے گئے۔
اس بات پر دلیپ جوشی کو بہت غصہ آیا اور دونوں میں اس حوالے سے تلخ کلامی ہوئی، اس دوران دلیپ نے اسیت کمار کا گریبان پکڑ لیا اور شو سے کنارہ کشی اختیار کرنے کی بھی دھمکی دی تاہم اسیت نے انہیں ٹھنڈا کیا۔
بھارتی میڈیا کےمطابق یہ پتا نہیں چل سکا کہ بعد میں دونوں کے درمیان کیا طے ہوا۔