Time 20 نومبر ، 2024
پاکستان

عمران خان کا مذاکرات آگے نہ بڑھنے پر ہر صورت احتجاج کا اعلان

عمران خان کا مذاکرات آگے نہ بڑھنے پر ہر صورت احتجاج کا اعلان
عمران خان نے کہا ہےکہ کوئی ڈیل نہیں ہورہی، مذاکرات ہمارے مطالبات پر ہونگے اور مذاکرات ان ہی سے ہونگے جن کے پاس اصل طاقت ہے: وکیل فیصل چوہدری/ فائل فوٹو

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی عمران خان نے مذاکرات میں بات آگے نہ بڑھنے پر ہر صورت احتجاج کا اعلان کیا ہے۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اگر کل تک مذاکرات کے حوالے سے بات آگے بڑھتی ہے تو ٹھیک ہے ورنہ ہمارا احتجاج ضرور ہوگا کیونکہ ہمارے پاس احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑا گیا۔

فیصل چوہدری کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ 9 مئی کے بعد میں نے دوسری دفعہ احتجاج کی کال دی ہے، کوئی ڈیل نہیں ہورہی، مذاکرات ہمارے مطالبات پر ہونگے اور مذاکرات ان ہی سے ہونگے جن کے پاس اصل طاقت ہے، تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، کل تک مذاکرات آگے بڑھے تو احتجاج نہیں جشن ہوگا۔

بانی پی ٹی آئی کے وکیل کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ میں نے ہمیشہ پر امن احتجاج کی کال دی ہے، ہمیں جلسے نہیں کرنے دیے جاتے جب کہ احتجاج پر ایک ارب روپے کے اخراجات کی خبریں بے بنیاد ہیں۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 24 نومبر کو فیصلہ کن احتجاج کے طور پر دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دی ہے جب کہ پارٹی کی طرف سے 26 ویں ترمیم کی واپسی، گرفتار کارکنان کی رہائی اور انتخابی مینڈیٹ کی واپسی کے مطالبات کیے گئے ہیں۔


مزید خبریں :