20 نومبر ، 2024
ایپل نے 2017 میں آئی فون ایکس (10) او ایل ای ڈی ڈسپلے اور فیس آئی ڈی کے ساتھ متعارف کرایا تھا۔
مگر اس کے بعد سے آئی فونز کے ڈیزائن میں کوئی خاص نمایاں تبدیلی نہیں کی گئی۔
مگر اب ایپل کی جانب سے آئی فون کے ڈیزائن میں نمایاں تبدیلی کی جا رہی ہے اور یہ نیا ڈیزائن آئی فون 17 ائیر نامی ماڈل کا حصہ بنے گا۔
یہ نیا فون ایپل کا اب تک کا سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔
ایک رپورٹ کے مطابق 2025 میں ایپل کی جانب سے آئی فون سیریز کو ریفریش کیا جائے گا اور پلس ماڈل کو ختم کرکے اس کی جگہ آئی فون 17 ائیر کو دی جائے گی۔
میک ریومرز کی رپورٹ کے مطابق یہ نیا آئی فون محض 6 ملی میٹر موٹا ہوگا اور اس طرح یہ سب سے پتلا آئی فون ہوگا۔
ابھی آئی فون 6 کو یہ اعزاز حاصل ہے جس کی موٹائی 6.9 ملی میٹر تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ آئی فون 17 ائیر سے ہٹ کر اس سیریز کے دیگر فونز آئی فون 16 سیریز جیسے ہی ہوں گے۔
اس سے قبل بھی کئی لیکس میں آئی فون 17 ائیر کے بارے میں یہی کچھ بتایا گیا ہے۔
البتہ ابھی اس کا آفیشل نام معلوم نہیں بس رپورٹس میں اسے آئی فون 17 ائیر کہا جاتا ہے، جبکہ کچھ رپورٹس میں اسے آئی فون 17 سِلم کا نام بھی دیا گیا ہے۔
مختلف رپورٹس کے مطابق آئی فون 17 ائیر میں 6.6 انچ کا ڈسپلے دیے جانے کا امکان ہے جبکہ فرنٹ کیمرا ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن میں چھپا ہوگا۔
فون کے بیک پر سنگل کیمرا ہوگا جبکہ یہ پہلا آئی فون ہوگا جس میں ایپل کا تیار کردہ 5 جی موڈیم موجود ہوگا۔