29 اکتوبر ، 2024
ایپل نے اپنے آئی فونز کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فیچرز پر مشتمل ایپل انٹیلی جنس ماڈل صارفین کے لیے متعارف کرا دیا۔
ایپل نے آپریٹنگ سسٹم آئی او ایس 18.1 جاری کیا ہے جس کے بعد صارفین مخصوص آئی فونز میں اے آئی فیچرز استعمال کرسکیں گے۔
ستمبر 2024 میں آئی فون 16 سیریز متعارف کراتے ہوئے کمپنی نے اس اے آئی ماڈل کا اعلان کیا تھا۔
آغاز میں محدود اے آئی فیچرز صارفین کو دستیاب ہوں گے۔
پہلے مرحلے میں ایپل انٹیلی جنس فیچرز میں رائٹنگ ٹولز، تصاویر سے چیزیں غائب کرنے اور نوٹیفکیشنز کی سمری وغیرہ تک رسائی دی جارہی ہے۔
اسی طرح ایپل کے ڈیجیٹل اسسٹنٹ Siri کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
البتہ اے آئی سے تصاویر بنانے کی سہولت اور چیٹ جی پی ٹی کو آئی فونز کا حصہ بنانے جیسی اپ ڈیٹس نہیں کی جارہی ہیں۔
یہ آپ ڈیٹس رواں سال کے آخر تک آئی او ایس 18.2 کے ذریعے کی جائیں گی۔
یہ اے آئی فیچرز آئی فون 16 سیریز کے تمام فونز، آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس کے لیے متعارف کرائے جا رہے ہیں۔
یہ اے آئی ماڈل ایپل کی مخصوص چپس پر کام کرے گا اور اسی وجہ سے یہ پرانے آئی فونز میں دستیاب نہیں ہوگا۔
آئی او ایس 18.1 ڈاؤن لوڈ کرنے کے لیے آئی فون سیٹنگز میں جنرل اور پھر سافٹ وئیر اپ ڈیٹ پر کلک کریں۔
ایپل انٹیلی جنس کو آپ کو خود ان ایبل کرنا ہوگا۔
اس کے لیے سیٹنگز میں ایپل انٹیلی جنس میں جاکر جوائن ایپل ویٹ لسٹ پر کلک کریں۔