21 نومبر ، 2024
اسلام آباد: وفاقی وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو پی ٹی آئی کے احتجاج میں ریاستی مشینری کا استعمال روکنے کی ہدایت کردی۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر وفاقی وزارت داخلہ کے سیکشن افسر کی جانب سے چیف سیکریٹری کے پی کو ایک مراسلہ بھیجا گیا ہے۔
وزارت داخلہ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے میں چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو ہدایت کی گئی ہے کہ کے پی حکومت اس بات کو یقینی بنائے کہ تحریک انصاف کے احتجاج میں ریاستی مشینری استعمال نہ ہو۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ سیاسی جماعت کے احتجاج میں کے پی حکومت سرکاری افسران، نفری اوراخراجات استعمال نہ کرے۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف نے 24 نومبر کو فیصلہ کن احتجاج کے طور پر دارالحکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کی کال دی ہے اور اس حوالے سے یہ خبر بھی آئی ہے کہ احتجاج میں ریسکیو 1122 کی گاڑیاں لے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔