22 نومبر ، 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے بیان کو پاکستان دشمنی قرار دے دیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جو ہاتھ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی میں رکاوٹ بنے گا قوم اس ہاتھ کو توڑ دے گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے خلاف زہر اگلا جائے تو وہ کیا کہیں گے کہ پاکستان کے عوام، حکومت اورسیاستدان کیسے ہیں۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ اس فطرت کے لوگوں کو اندازہ نہیں کہ ان کے بیان سے پاکستان کوکتنا نقصان ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نفرتوں کے بیچ بوئے جارہے ہیں،ذاتی اور سیاسی مفاد کی خاطربیانات دیے جارہےہیں، یہ کیسا سیاسی مفاد ہے جوپاکستان کے اعلیٰ ترین مفاد کو کاٹ رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کسی کو پاکستان کے مفادات سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں کہ یہ آپ کس شخص کو لے آئے۔
بشریٰ بی بی نے اپنے ویڈیو بیان میں دعویٰ کیا کہ عمران خان جب مدینہ ننگے پاؤں گئے اور واپس آئے تو جنرل باجوہ کو کالز آنا شروع ہوگئیں، انہیں کہا گیا کہ یہ آپ کس شخص کو لے کر آئے ہیں، ہمیں ایسے لوگ نہیں چاہئیں۔
دوسری جانب سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے بشریٰ بی بی کے دعوے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی عرب پاکستان کا دوست اور محسن ہے، سعودی عرب نےہر دور میں پاکستان کی بھر پور مدد کی، سعودی عرب نے بانی پی ٹی آئی کی حکومت کا بھی بہت خیال رکھا اور مدد کی۔
سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کا غیر ذمہ دارانہ بیان سراسر بے بنیاد ہے، سیاسی مفادات کے لیے بے بنیاد الزامات لگا کر قومی مفادات کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔