Time 23 نومبر ، 2024
پاکستان

احتجاج کی کال صرف عمران خان ہی واپس لے سکتے ہیں: بیرسٹرگوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹرگوہر نے احتجاج مؤخر کرنے کا امکان مسترد کردیا۔

جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ وزیرداخلہ محسن نقوی سے دو بار نہیں ایک بار رابطہ ہوا ہے، ان سے شام 6 بجے تک حتمی جواب دینے کی بات نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے آرڈر میں ہمیں سنا ہی نہیں گیا، اسلام آباد ہائیکورٹ کا یہ فائنل آرڈر نہیں۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ احتجاج کی کال صرف بانی پی ٹی آئی واپس لے سکتے ہیں، سیاسی کمیٹی میں احتجاج مؤخر کرنے سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی، ہم نے ہر قدم بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کے مطابق لیا۔

ان کا مزید کہنا تھاکہ وزیرداخلہ محسن نقوی نے احتجاج مؤخر کرنے سے متعلق بات نہیں کی اور انہوں نے ایسی کوئی بات نہیں کی کہ احتجاج مؤخر کریں تو بات آگے بڑھے ، بانی پی ٹی آئی تمام کیسز میں ضمانت پر ہیں، ہماری کسی کے ساتھ کوئی ڈیل نہیں، بانی پی ٹی آئی رہا ہوجاتے ہیں مذاکرات تو پھر بھی آگے چلنے ہیں۔

پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ ابھی تک ہماری بات چیت اس سطح پر نہیں کہ اس میں رہائی کا کوئی مطالبہ ہو، افسوس کی بات ہے پاکستان کے 8موٹرویز بند کیے گئے ، ٹرانسپورٹ بند، ہاسٹلز خالی کرا لیے گئے ، اگر ہم نے احتجاج سے یہ سب کچھ حاصل کرنا تھا تو یہ حکومت نے کردیا، لوگوں کا حق ہے کہ پرامن طریقے سے آئیں اور اپنا احتجاج کریں، ہم سے زیادہ لانگ مارچ تو پی ٹی آئی دور میں انھوں نے کیے۔

انہوں نے کہا کہ بشریٰ بی بی کا نہ توشہ خانہ سے کوئی تعلق ہے نہ پیسے لیے، ان کو تکلیف دینا کہ شاید اس سے بانی پی ٹی آئی ٹوٹ جائیں، بشریٰ بی بی کا بیان روز روشن کی طرح عیاں ہے، سعودیہ کا نام نہیں لیا، بشریٰ بی بی گرفتاری دینے خود اڈیالا جیل گئیں تو اس کو متنازع بنادیا گیا۔

ان کا کہنا تھاکہ بشریٰ بی بی اس احتجاج میں شرکت نہیں کریں گے، ان کی صحت بھی ٹھیک نہیں۔

خیال رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر وزیر داخلہ سینیٹر محسن نقوی نے موجودہ سیاسی صورتحال پر چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر سے رابطہ کیا تھا اور کہاکہ ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے پابند ہیں، کسی جلوس، دھرنے یا ریلی کی اجازت نہیں دے سکتے۔

مزید خبریں :