Time 25 نومبر ، 2024
پاکستان

10 سالہ مغوی بچے کی عدم بازیابی، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال

10 سالہ مغوی بچے کی عدم بازیابی، کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں پہیہ جام ہڑتال
ہڑتال کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بند ہے، کوئٹہ سے آنے والی چمن پسنجر ٹرین آج بند رہے گی/ فائل فوٹو

کوئٹہ: چند روز قبل کوئٹہ سے اغوا کیے جانے والے بچے کی عدم بازیابی پر آج بلوچستان بھر میں  پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث مختلف شاہراہیں اور تعلیمی ادارے بند ہیں۔ 

جیو نیوز کے مطابق کوئٹہ سے اغوا کیے جانے والے 10 سالہ بچے کی عدم بازیابی کے خلاف مغوی بچے کے اہل خانہ، سیاسی جماعتوں، اساتذہ تنظیموں اور ٹرانسپورٹرزکی اپیل پر آج بلوچستان میں پہیہ جام ہڑتال کی جارہی ہے۔

پہیہ جام ہڑتال کی کال کے بعد این 25 کوئٹہ چمن قومی شاہراہ بند ہے، این 50 قومی شاہراہ خانوزئی، مسلم باغ اور قلعہ سیف اللہ کے مقام پر بھی بند ہے جب کہ این70 شاہراہ لورالائی میختر اور راڑہ ہاشم کے مقامات پر بھی ٹریفک کی آمدورفت بند ہے۔ 

ہڑتال کے باعث کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ بند ہے، کوئٹہ سے آنے والی چمن پسنجر ٹرین آج بند رہے گی جب کہ کوئٹہ چمن سیکشن پر آج ٹرینوں کی آمدورفت بھی معطل رہے گی۔ 

حکام کے مطابق ہڑتال کی کال کے بعد چمن،کوہلو  اورخضدار سمیت بلوچستان کے مختلف شہروں میں تعلیمی ادارے بند جب کہ آج ہونے والاپرچے بھی منسوخ کردیے گئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ چند روزقبل 10سالہ بچے مصورکو نامعلوم افراد نےکوئٹہ میں اسکول وین سے اغواکیا تھا اور تاحال بچے کا کوئی سراغ نہیں لگایا جاسکا۔ 

سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے بھی بچوں کے اغوا سے متعلق ایک کیس کی سماعت کے دوران کوئٹہ سے 10 سالہ بچے کے اغوا اور اس کا کوئی سراغ نہ ملنے پر نوٹس لے کر بچوں کے اغوا کے معاملے پر تمام آئی جیز اور سیکرٹری داخلہ کو طلب کیا تھا۔ 

مزید خبریں :