Time 25 نومبر ، 2024
کھیل

رشبھ پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے

رشبھ پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے
فوٹو: فائل

بھارتی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر  رشبھ پنت  انڈین پریمیئر لیگ( آئی پی ایل) کی تاریخ کے مہنگے ترین کھلاڑی بن گئے۔

آئی پی ایل سیزن 2025 کے لیے کھلاڑیوں کی بولی کی 2 روزہ تقریب گزشتہ روز سعودی عرب کے شہر جدہ میں شروع ہوئی جس میں فرنچائزز نے اپنی ٹیم میں شامل کرنے کے لیے بہترین کھلاڑیوں کو کروڑوں روپے میں خریدا۔

اتوار کو پہلے پنجاب کنگز نے بھارتی کرکٹر شریاس ائیر کو 26 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا جس کے بعد شریاس  آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بنے۔

لیکن یہ ریکارڈ کچھ لمحوں بعد ہی ٹوٹ گیا جب لکھنؤ سپر جائنٹس نے بھارتی کرکٹر رشبھ پنت پر آئی پی آیل کی تاریخ کی سب سے بڑی بولی لگائی۔

لکھنؤ سپر جائنٹس نے رشبھ پنت کو 27 کروڑ بھارتی روپے میں خریدا، جس کے بعد پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بن گئے۔

اس سے قبل آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی کا اعزاز آسٹریلوی فاسٹ بولر مچل اسٹارک کے پاس تھا، جنہیں گزشتہ سیزن میں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے  24 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں خریدا تھا۔

اس کے علاوہ آئی پی ایل 2025 کے تیسرے مہنگے ترین کھلاڑی بھارتی کرکٹر ونکٹیش ائیر رہے جنہیں کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے 23 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے میں اپنی ٹیم میں شامل کیا۔

علاوہ ازیں بھارتی فاسٹ بولر ارشدیپ سنگھ اور اسپنر چہل کو 18، 18 کروڑ بھارتی روپے میں پنجاب کنگز نے خریدا۔ 

یاد رہے کہ آئی پی ایل 2025 اس ٹورنامنٹ کا 18 واں ایڈیشن ہوگا جو اگلے سال مارچ سے مئی کے درمیان کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :