25 نومبر ، 2024
بالی وڈ اداکار ورون دھون نے پروفیشنل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر اکاؤنٹ بناکر صرف 4 دن بعد ہی اسے ڈیلیٹ کر دیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق کرن جوہر کی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والے ورون دھون نے جمعرات کو پروفیشنل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارم لنکڈ اِن پر اکاؤنٹ بنایا تھا۔
تاہم صرف 4 دن کے اندر ان کا اکاؤنٹ پلیٹ فارم سے غائب ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹ میں کہا گیا کہ ورون دھون کو اپنے لنکڈ اِن اکاؤنٹ کی پروفائل کی بایو میں خود کو 300 کروڑ کی میگا ہِٹ فلموں کے ساتھ ایک محنتی اداکار قرار دینے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
ورون دھون نے خود کے بارے میں لنکڈ اِن بایو میں لکھا کہ فلم انڈسٹری میں ایک دہائی سے زیادہ عرصہ کام کرنے کے بعد مجھے سخت محنت، ٹیم ورک کی اہمیت کے بارے میں بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملا ہے۔
ورون نے لنکڈ اِن پروفائل میں اپنا تعارف اداکار، سرمایہ کار، اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے طور پر کرایا۔
جیسے ہی ورون دھون کے لنکڈ اِن پر شامل ہونے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، انہیں صارفین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ 'ورون بھی ہم سب کی طرح لنکڈ ان پر لمبی لمبی چھوڑ رہے ہیں' جبکہ دوسرے نے لکھا کہ اب انہیں بھی اپنی سی وی بھیجنا پڑے گی۔
علاوہ ازیں ایک صارف نے لکھا کہ یہاں اب ورون سب کو یہ بھی بتائیں گے کہ ڈیوڈ دھون کا بیٹا ہونے کی وجہ سے انہیں کتنی مشکلات سے گزرنا پڑا۔