25 فروری ، 2013
اسلام آباد … قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ فوج نے مسلم لیگ ن کے مطالبے پر ڈی ایچ اے کی ہاوٴسنگ اسکیمز میں شہداء کے لواحقین، غازیوں اور چھوٹے رینک کے فوجیوں کیلئے 50 فیصد کوٹہ مختص کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری نثار نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ڈی ایچ اے کی ہاوٴسنگ اسکیموں کیلئے فوج سے کہا کہ شہداء کے لواحقین، غازیوں اور چھوٹے رینک کے فوجیوں کو مفت پلاٹ دیئے جائیں، ایسی صورت میں پنجاب حکومت اراضی مفت فراہم کرے گی۔ چوہدری نثار علی نے کہا کہ فوج نے شہداء کے لواحقین، غازیوں اور چھوٹے رینک کے فوجیوں کیلئے ڈی ایچ اے کی ہاوٴسنگ اسکیمز میں 50 فیصد کوٹہ مختص کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن پرویز مشرف کو معافی نہیں دے گی، حکومت نے جمہوریت کے استحکام کیلئے کئی معاملات پر وسیع تر اتفاق رائے پیدا کیا ہے۔