Time 26 نومبر ، 2024
دنیا

دنیا میں ہر 10 منٹ میں ایک عورت شریک حیات یا اپنوں کے ہاتھوں قتل کی جاتی ہے: رپورٹ

دنیا میں ہر 10 منٹ میں ایک عورت  شریک حیات یا اپنوں کے ہاتھوں  قتل کی جاتی ہے: رپورٹ
دنیا بھر میں عورتوں کے قتل کی شرح روزانہ اوسطاً 140 ہے جہاں گھر میں لڑکیوں اور خواتین کو قتل کیے جانے کا خطرہ سب سے زیادہ موجود ہے: یو این رپورٹ/فوٹویو این

اقوام متحدہ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا  ہے کہ دنیا بھر میں ہر 10 منٹ میں ایک عورت شریک حیات ، بوائے فرینڈ یا پھر اپنے کسی رشتے دار کے ہاتھوں قتل کردی جاتی ہے۔

107 ممالک کے دستیاب اعداد و شمار پر مبنی رپورٹ خواتین پر  تشدد کے خلاف 25 ویں عالمی دن پر  یو این ویمن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (یو این او ڈی سی)  کی جانب سے  مشترکہ طور پر  جاری کی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں خواتین کے قتل کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ  دیکھنے میں آیا ہے، 2023 کے دوران ہر 10 منٹ میں ایک عورت کو  اپنے کسی ساتھی، شریک حیات یا پھر کسی نہ کسی رشتے دار کے ہاتھوں جان سے جانا پڑا۔

2023 میں دنیا بھر میں کتنی خواتین کو قتل کیا گیا؟

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال تقریباً 85 ہزار  خواتین کو قتل کیا گیا، اس اعداد و شمار میں تقریباً 60 فیصد  یا 51 ہزار سے زائد عورتیں  اپنے ساتھی یا پھر کسی نہ کسی  رشتے دار کے ہاتھوں قتل کی گئیں۔

رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں عورتوں کے قتل کی شرح روزانہ اوسطاً 140 ہے جہاں گھر  میں لڑکیوں اور خواتین کو قتل کیے جانے کا خطرہ سب سے زیادہ موجود ہے۔

دوسری جانب خواتین کے مقابلے میں مردوں کو  قتل کیے جانے  کا امکان 4گنا زیادہ یعنی 80 فیصد  بتایا گیا ہے۔

خواتین کے قتل کی شرح کن ممالک میں سب سے زیادہ اور سب سے کم رہی؟ 

رپورٹ کے مطابق افریقا میں شریک حیات اور خاندان کے ہاتھوں قتل کی جانے والی خواتین کی تعداد  سب سے زیادہ ہے جہاں 2023 میں 21 ہزار 700 خواتین کو قتل کیا گیا، اس کے بعد امریکا اور اوشیانا  کا نمبر ہے جب کہ خواتین کے قتل کی سب سے کم شرح یورپ اور ایشیا میں دیکھی گئی۔

رپورٹ کے حوالے سے یو این ویمن کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر سیما بہوس کا کہنا ہے کہ  خواتین کے خلاف تشدد کو روکنے کے لیے مضبوط قانون سازی، اعلیٰ سطح کی حکومتی جوابدہی اور خواتین کے حقوق  کیلئے کام کرنے والی تنظیموں کیلئے جاری فنڈز میں اضافے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں :