26 نومبر ، 2024
مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف کی بانی پی ٹی آئی عمران خان سےکچھ دیر میں ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر سیف بانی پی ٹی آئی کو احتجاج کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے اشارہ ملنے کی صورت میں پی ٹی آئی کی قیادت سنگجانی پر دھرنے کے لیے رضامند ہے۔
بانی پی ٹی آئی کی بشریٰ بی بی سے فون پر بات کرائے جانےکا بھی امکان ہے۔ بشریٰ بی بی گزشتہ روز سے اپنی بات پر ڈٹی ہیں، وہ سنگجانی کے بجائے ڈی چوک پر احتجاج کرنا چاہتی ہیں۔
سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی عمر ایوب نے بھی گزشتہ روز بشریٰ بی بی سے ملاقات کی تھی لیکن وہ بھی انہیں سنگجانی میں احتجاج پر رضامند نہیں کرسکے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے مظاہرین ڈی چوک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں جہاں سکیورٹی اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔
تحریک انصاف کے کارکنان اور رہنماؤں پر مشتمل قافلہ ڈی چوک کی جانب رواں دواں ہے جب کہ پی ٹی آئی کے متعدد کارکنان بھی ڈی چوک پہنچ چکے ہیں۔
ڈی چوک اور اطراف میں سکیورٹی سخت ہے اور ڈی چوک کی طرف بڑھنے والوں کو گرفتار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا جبکہ ریلی کی قیادت کرنے والوں کو بھی گرفتار کیا جائےگا۔
تحریک انصاف کے احتجاج کے دوران انتشار سے نمٹنے کیلئے وفاقی دارالحکومت میں فوج طلب کرلی گئی ہے۔
وزارت داخلہ نے اسلام آباد میں فوج کی طلبی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے جس کے مطابق آرٹیکل 245 کے تحت پاک فوج کو بلایا گیا ہے اور واضح کیا گیا ہے کہ قانون توڑنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔