25 فروری ، 2013
کراچی …قائم مقام گورنر سندھ نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ 1979 کے بلدیاتی نظام میں خواتین کو نمائندگی دینے کیلئے ترمیم کی جائے گی اور سلسلے میں قانون سازی کیلئے وزارت قانون کو ہدایت کریں گے۔ کراچی میں عورت فاوٴنڈیشن کے وفد سے ملاقات میں قائم مقام گورنر سندھ نے کہا کہ انیس سو اناسی کے بلدیاتی نظام میں خواتین کی نمائندگی کی حمایت کرتے ہیں، قانون میں ترمیم کا اختیار اسمبلی کو ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزارت قانون کو ہدایت کریں گے کہ ترمیم کیلئے قانون سازی کرے۔ نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ خواتین اور بچوں پر گھریلو تشدد کے انسداد کے بل کو سرکاری بل کے طور پر لانے کیلئے کوشش ہورہی ہے۔اس حوالے سے تمام سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی کو اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔