28 نومبر ، 2024
بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی اسلام آباد میں احتجاج کے دوران ہونے والے آپریشن میں اپنی گاڑی سے علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں منتقل ہوکر فرار ہونے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جناح ایونیو پر آپریشن کے بعد بشریٰ بی بی اپنی گاڑی میں سیکٹرجی 8 پہنچیں جہاں سے بشریٰ بی بی منگل کی رات 11 بج کر57 منٹ پر اپنی گاڑی سے علی امین کی گاڑی میں سوار ہوئیں۔
بشریٰ بی بی علی امین کی گاڑی میں سیکٹر جی 8 سے مارگلہ روڈ کی طرف روانہ ہوئیں۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور مارگلہ روڈ سے پیر سوہاوہ روڈ پر گئے اور خیبرپختونخواکی طرف نکل گئے۔
تاہم اب بشریٰ بی بی کی بہن مریم ریاض وٹو نے دعویٰ کیا ہے کہ بشریٰ بی بی کی گاڑی کا ٹائر فلیٹ ہو گیا تھا۔ اس لیے انہیں گاڑی بدل کر علی امین گنڈاپور کی گاڑی میں جانا پڑا تھا۔
مریم وٹو نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے ذاتی محافظوں میں سے 2 کو ویگو کی طرف جانے اور کار کے پیچھے آنے کو کہا۔ پہلے یہ پرسنل گارڈز ہمیشہ اس کے ساتھ ہوتے تھے لیکن اس وقت انہیں وہاں سے چلے جانے کو کہہ دیا گیا۔
مریم وٹو کے مطابق انہوں نے بشریٰ بی بی کے ایک ذاتی محافظ سے بات کی تو اس نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے ڈرائیور سے کہا تھا کہ وہ گاڑی مظاہرین کے پاس لے جائے۔