29 نومبر ، 2024
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے چیمپئنز ٹرافی کے حوالے سے جاری تنازعہ کے چلتے ایک اہم بیان جاری کیا ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ہائبرڈ ماڈل کے حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ کے فیصلے کی حمایت کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے کھیل اور سیاست کو یکجا کرکے کرکٹ کو غیر یقینی صورتحال کا شکار کردیا ہے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم سکیورٹی خدشات کے باوجود 5 مرتبہ بھارت جا کر کھیل چکی ہے جس میں وائٹ بال سیریز بھی شامل ہے، اب آئی سی سی اور اُن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کو اپنی بالادستی دکھانی ہوگی۔
ایک اور سابق کپتان راشد لطیف کا سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ جمعے کا دن کرکٹ کے لیے بڑا اہم ہوگا، یہ انٹرنیشنل کرکٹ میں کھیل کی تبدیلی کادن بھی ہوسکتا ہے ۔
واضح رہے کہ بھارت نے پاکستان میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے لیے اپنی کرکٹ ٹیم بھیجنے سے انکار کردیا ہے۔
ادھر پاکستان کرکٹ بورڈ چیمپئنز ٹرافی کے لیے ہائبرڈ ماڈل قبول نہ کرنے کے اپنے مؤقف پر سختی سے قائم ہے۔
بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کرسکا جس سے براڈکاسٹرز بھی پریشان ہیں کیونکہ انہیں کروڑوں ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے آئی سی سی نےآج بورڈ میٹنگ بلائی ہے۔
آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق میٹنگ کے دوران چیمپئنز ٹرافی کے شیڈولنگ اور مستقبل پر غور کیا جائے گا، اجلاس میں چیمپئنز ٹرافی پر مختلف آپشنز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔