29 نومبر ، 2024
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اہم فیصلہ آج ہوجائے گا۔
چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہوگی یا نہیں، ٹورنامنٹ ہوگا بھی یا نہیں، آئی سی سی پاکستان کی مانے گا یا بھارت کی سائیڈ لے گا، بورڈ میٹنگ میں آج واضح ہوجائے گا۔
پاکستان نے بورڈ میٹنگ سے پہلے ٹرافی کا قابل قبول فارمولا مانگا ہے اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پاکستان کے واضح مؤقف سے آئی سی سی کو آگاہ کردیا ہے۔
محسن نقوی نے کہا ہم زخم سہہ لیں گے لیکن ہم اپنی عزت پر بات نہیں آنے دیں گے، پی سی بی چیمپئنز ٹرافی کے سارے انتظامات تقریباً مکمل کرچکاہے۔
بھارت کے پاکستان آنے سے انکار نے معاملہ اُلجھا رکھا ہے اور پی سی بی کا کہنا ہے کہ ہائبرڈ کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ قابل قبول نہیں ہے۔
خیال رہےکہ بھارتی ہٹ دھرمی کے باعث آئی سی سی اب تک چیمپئنز ٹرافی کے نئے شیڈول کا اعلان نہیں کرسکا جس سے براڈکاسٹرز بھی پریشان ہیں کیونکہ انہیں کروڑوں ڈالر نقصان کا خدشہ ہے۔
اس حوالے سے آئی سی سی نے آج 29 نومبر کو بورڈ میٹنگ بلائی ہے، آئی سی سی کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ یہ میٹنگ آن لائن منعقد ہوگی اور تمام بورڈ ممبران کو ایجنڈا بھیج دیا گیا ہے۔