29 نومبر ، 2024
1997 میں ایک خاتون نے ایک کتاب کو 10 برطانوی پاؤنڈز (لگ بھگ ساڑھے 3 ہزار پاکستانی روپے) میں خریدا اور اب اسے 36 ہزار پاؤنڈز (ایک کروڑ 25 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) میں فروخت کیا گیا ہے۔
جے کے رولنگ کے 1997 کے ناول ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون کی اس کتاب کی مالک کرسٹین میکیولچ نے اسے اپنے بیٹے ایڈم کے لیے خریدا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں اندازہ ہی نہیں تھا کہ لگ بھگ 30 سال بعد کتاب کی مالیت اتنی زیادہ ہوسکتی ہے۔
ہینسنز آکشنرز کے مطابق یہ پہلے ہیری پوٹر ناول کے پہلے ایڈیشن کی 500 کاپیوں میں سے ایک کتاب ہے۔
ایڈم میکیولچ نے بتایا کہ یہ کتاب چیسٹر فیلڈ میں واقع ان کے خاندان کے پرانے گھر کے ایک کپ بورڈ میں رہ گئی تھی۔
اس خاندان کو کتاب کی اتنی زیادہ مالیت کا اندازہ 2020 کے لاک ڈاؤن کے دوران ہوا جب فرسٹ ایڈیشن کی دیگر کتابوں کے بارے میں خبریں سامنے آئیں۔
ایڈم میکیولچ نے بتایا کہ 'ایک بار جب ہم نے کتاب کی تصدیق کرالی تو یہ ایک طرح سے اپنی چٹکی بھرنے جیسا لمحہ تھا'۔
اس سے قبل جون 2024 میں ہیری پوٹر اینڈ دی فلاسفرز اسٹون کا کور امریکا میں 15 لاکھ پاؤنڈز میں نیلام ہوا تھا۔
اس کور کو ناول کے پہلے ایڈیشن میں استعمال کیا گیا تھا اور اسے پہلے بھی Sotheby’s کی جانب سے 2001 میں نیلام کیا گیا تھا۔
اس وقت یہ ایک لاکھ 6 ہزار ڈالرز میں نیلام ہوا تھا مگر اب اس نے ایک نیا ریکارڈ بنایا۔
واٹر کلر سے تیار کردہ یہ خاکہ تھامس ٹیلر نامی مصور و مصنف نے تیار کیا تھا۔