01 دسمبر ، 2024
سندھ پولیس نے چھینی گئی اور گمشدہ گاڑیوں کے علاوہ ملزمان کا ریکارڈ جمع کرنے کے لیے ڈیٹا بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان سندھ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ آئی جی سندھ کی زیر صدارت چوری، گمشدہ، چھینی گئی گاڑیوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا، جس میں چوری سامان کی خرید و فروخت میں ملوث اسکریپ ڈیلرز کے خلاف بھی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔
سندھ پولیس کے ترجمان کے مطابق چھینی گئی اور گمشدہ گاڑیوں کے علاوہ ملزمان کا ریکارڈ مرتب کرنے کے لیے ڈیٹا بینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں سی پی ایل سی، پولیس، اسپیشل برانچ اور دیگر اداروں کی مدد سے ڈیٹا ایپ میں درج کیا جائے گا۔
اس حوالے سے ڈی آئی جی اسپیشل برانچ نے بتایا کہ یکم جنوری سے اب تک 912 اسکریپ ڈیلرز کےخلاف کارروائی کی گئی۔
ادھر اجلاس میں سی پی ایل سی چیف زبیر حبیب نے بھی بتایا کہ گزشتہ سال کی نسبت اس سال جرائم میں واضح کمی آئی، جرائم میں کمی کا کریڈٹ سندھ پولیس کی مؤثر پولیسنگ کو جاتا ہے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے مزید بتایا کہ پولیس اور سی پی ایل سی کا جرائم سے متعلق ڈیٹا کم و بیش مستند ہے۔