02 دسمبر ، 2024
ڈیرہ اسماعیل خان میں چند گھنٹوں میں پولیس پر دو حملوں میں ایک اے ایس آئی شہید جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق تحصیل پہاڑپورمیں پل کے قریب گھات لگائے حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر اچانک فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی جاں بحق اور 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔
دوسرے واقعے میں درابن چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد ملزمان فرار ہوگئے، ملزمان کی گرفتاری کیلئے علاقے میں ناکہ بندی کردی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل خیبرپختونخوا سے ملحقہ پنجاب کے تھانہ چاپری پر 20 سے زائد دہشتگردوں نے جدید اسلحےکے ساتھ اچانک حملہ کردیا تھا۔ دہشتگردوں نے تھانے کی عمارت پر راکٹ لانچرز اور دستی بموں کا استعمال کیا۔
ترجمان کے مطابق پولیس کی بروقت جوابی کارروائی نے دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنادیا اور اور جوابی کارروائی کے دوران 2 دہشتگرد ہلاک ہوگئے جب کہ 2 پولیس اہلکار معمولی زخمی بھی ہوئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق حملہ ناکام ہونے پر خوارج دہشتگرد قریبی علاقے میں فرار ہوگئے جن کی تلاش میں پولیس نے سرچ آپریشن کیا تو اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں مزید 2 خوارج ہلاک ہوگئے۔