02 دسمبر ، 2024
راولپنڈی: سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں بانی پی ٹی آ ئی عمران خان اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کردی گئی۔
اڈیالہ جیل میں انسداد دہشتگردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سانحہ 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کی جس دوران پی ٹی آئی وکلا نے دلائل دیے۔
سماعت کے دوران وکلا صفائی نے 23 اے ٹی اے کی درخواست دائر کرتے ہوئے کہا کہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کی شق 23 کے تحت جی ایچ کیو حملہ کیس کا مقدمہ اے ٹی سی عدالت کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا کیونکہ جی ایچ کیو حملہ کیس میں دہشتگردی کا مقدمہ نہیں بنتا۔
عدالت نے وکلا صفائی کی درخواست کل سماعت کے لیے مقرر کردی اور فریقین کل وکلا صفائی کی درخواست پر دلائل دیں گے۔
بعد ازاں عدالت نے عمران خان اور شاہ محمود پر فرد جرم کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔