Time 02 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی
بالی وڈ کی مشہور ترین فلم’بارہویں فیل‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار وکرانت میسی نے اداکاری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔—فوٹو: فائل

پیر کی صبح بالی وڈ سے ایک حیران کن خبر سامنے آئی جب مشہور ترین فلم’بارہویں فیل‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے اداکار وکرانت میسی نےاچانک اداکاری سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔

37 سالہ اداکار نے انسٹا گرام پر پوسٹ شیئر کرتے ہوئے اچانک اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے سب کو حیران کردیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر ایک نوٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 2025 میں آخری بار اپنے مداحوں سے ملوں گا، پچھلے کچھ سال یقینی طور پر غیر معمولی رہے، میں مداحوں کے بے پناہ پیار اور سپورٹ پر آپ سب کا شکر گزار ہوں۔

وکرانت میسی  پہلے بھارتی اداکار نہیں ہیں جنہوں نے اپنی جوانی میں اداکاری کو خیرباد کہا۔ 

اس تحریر میں ہم آپ کو  ایسے 6 دیگر اداکاروں کے بارے میں بتائیں گے جنہوں نے اپنے کیریئر کے عروج یا بہت جلد ہی فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی اور اب تک شوبز کی دنیا میں واپس نہیں آئے۔

عمران خان

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی
فوٹو: فائل

بالی وڈ اداکار عامر خان کے بھتیجے عمران خان نے 2008 میں رومانوی کامیڈی فلم 'جانے تو یا جانے نہ' سے اپنے کیریئر کا آغاز کیا۔ 

اس شاندار آغاز کے بعد ان کی کئی فلمیں ناکام ہوئیں،2010 کی فلم ' آئی ہیٹ لو اسٹوریز' اور 2011  میں 'دہلی بیلی' میں اداکاری کی لیکن یہ بھی ہٹ نہ ہوسکیں ، تاہم انہوں نے 2015 میں فلم 'کٹی بٹی' کی ناکامی کے بعد اداکاری کو خیر باد کہہ دیا۔ 

گزشتہ سال سوشل میڈیا پر  ان کی بالی وڈ میں واپسی کی خبریں سامنے آئیں، عمران نے چند انٹرویوز بھی دیے لیکن اداکاری میں واپسی کا اعلان نہیں کیا۔

زائرہ وسیم

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی
فوٹو: فائل

زائرہ وسیم نے 2016 میں عامر خان کی بلاک بسٹر فلم 'دنگل' سے اداکاری میں ڈیبیو کیا۔ اس فلم میں انہوں نے گیتا پھوگاٹ کے بچن کا کردار نبھایا تھا۔ 

پھر اگلے سال زائرہ نے عامر خان کی  ایک اور کامیاب فلم 'سیکرٹ سپر اسٹار' میں اداکاری کی،اس فلم میں ان کے کام کی کافی تعریف ہوئی اور ایوارڈز بھی ملے۔

تاہم زائرہ وسیم نے 2019 میں مذہبی بنیادوں پر فلم انڈسٹری کو خیر باد کہہ دیا تھا۔ ان کی آخری فلم 'دی اسکائی از پنک تھی۔

عائشہ ٹاکیہ

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی
فوٹو: فائل

عائشہ ٹاکیہ نے 2004 میں فلم 'ٹارزن:  دی ونڈر کار' سے ڈیبیو کیا اور کافی شہرت حاصل کی۔ 

اس کے بعد انہوں نے 'دل مانگے مور'، 'سوچا نہ تھا 'اور  'ڈور 'جیسی فلموں میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔ اس کے بعد ان کی فلمیں زیادہ کامیاب نہیں ہو سکیں۔

لیکن پھر عائشہ 2009 میں  سلمان خان کی بسٹر فلم 'وانٹڈ ' میں نظر آئیں اور خوب داد بھی ملی۔ 

تاہم عائشہ نے پھر شادی کرلی اور 2011 میں چند ناکام فلموں اور 2012 میں ایک ٹیلنٹ شو کی میزبانی کے بعد شوبز انڈسٹری چھوڑ دی۔

گائتری جوشی

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی
فوٹو: فائل

گائتری جوشی نے 2005 میں شاہ رخ خان کی فلم 'سوا دیس' میں ڈیبیو کیا اور کافی شہرت حاصل کی۔ 

دلچسپ بات یہ ہے کہ گائتری نے صرف ایک فلم میں اداکاری کی۔ فلم سوا دیس کے فوراً بعد انہوں نے وکاس اوبرائے سے شادی کی اور فلموں سے ریٹائر ہو گئیں۔

آسین

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی
فوٹو: فائل

آسین نے 2001 سے 2007 تک کئی ملیالم، تیلگو اور تامل فلموں میں کام کیا لیکن 2008 میں عامر خان کی سپر ہٹ فلم 'گجنی' سے بالی وڈ میں ڈیبیو کے ساتھ وہ شہرت کی نئی بلندیوں پر پہنچیں۔

انہوں نے پھر فلم 'ریڈی'، 'ہاؤس فل 2 'اور 'بول بچن 'جیسی کامیاب فلموں میں بھی کام کیا۔

2015 میں آسین کی آخری فلم 'آل از ویل' رہی جس کے بعد انہوں نے 2016 میں مائیکرو میکس کے شریک بانی راہول شرما سے شادی کرلی اور فلموں سے کنارہ کشی اختیار کرلی۔

شالینی اجیت

وہ مشہور بھارتی اداکار جنہوں نے بہت جلد انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیار کی
فوٹو: فائل

شالینی جنہیں 'بے بی شالینی' کے نام سے جانا جاتا تھا، نے اپنے کیریئر کا آغاز 1983 میں ملیالم فلم  سے کیا اور بہترین چائلڈ آرٹسٹ کے لیے کیرالا اسٹیٹ فلم ایوارڈ جیتا۔ 

انہوں نے تیلگو اور تامل فلم انڈسٹری میں بھی کام کیا اور 1997 میں مرکزی اداکارہ کے طور پر فلموں میں نظر آئیں۔ 

تاہم چند سال بعد  شالینی نے اداکار اجیت سے شادی کی اور اداکاری کو ہمیشہ کیلئے خیرباد کہہ دیا۔


مزید خبریں :