02 دسمبر ، 2024
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی میں کمی آئی ہے، امید ہے عام آدمی پر بوجھ کم ہوگا۔
اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ طویل عرصے کے بعد مہنگائی کم ہوکر 4.9 فیصد پر آگئی ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ مہنگائی وہ معاملہ ہے جس سے غریب آدمی براہ راست متاثر ہوتا ہے، مہنگائی کم ہوئی ہے، اب ہمیں گروتھ کی طرف بڑھنا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے چینی کی برآمد کی اجازت دی لیکن قیمت نہیں بڑھنے دی، چینی کی افغانستان اسمگلنگ صفر ہوگئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں نے ملک میں ہیجانی کیفیت پیدا کردی تھی، اسلام آباد میں پولیس اور رینجرز اہلکار شہید ہوئے، دھرنے کی وجہ سے ایک دن میں اسٹاک مارکیٹ ساڑھے 3 ہزار پوائنٹ گری۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ماضی میں اسمبلی میں کھڑے ہوکر کہا گیا کہ پائلٹس کی ڈگریاں جعلی ہیں، پائلٹس کے جعلی ڈگری کے بیان سے بہت نقصان پہنچا۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی ایئرلائن کی یورپ میں پروازوں کی بحالی پر خواجہ آصف کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔