Time 03 دسمبر ، 2024
جرائم

گلستان جوہر: نامعلوم ملزم نے گھر میں گھس کر سول انجینئر کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا

کراچی:گلستان جوہر میں ایک شخص کو گھر میں گھس کر قتل کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق گلستان جوہر موڑ کے قریب بلاک 19 کے فلیٹ میں نامعلوم ملزم نے راہول نامی شخص کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا۔

پولیس نے بتایا کہ واقعے کے وقت مقتول کی بیوی بھی ساتھ تھی، میاں بیوی فلیٹ میں اکیلے رہتے تھے اور ان کی شادی کو کچھ عرصہ ہی ہوا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول راہول کمار سول انجینئر تھا، ملزم نے مقتول سے کچھ دیر بات کی اور پھر تیز دھار آلے سے قتل کر دیا۔

اس حوالے سے جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے مقتول راہول کمار کے پڑوسی دانش نے بتایا کہ چیخنے چلانے کی آواز آئی، میں گھر سے باہر نکلا تو راہول کے گھر کو باہر سے کنڈی لگی ہوئی تھی، دروازہ کھولا تو راہول خون میں لت پت تھا اور اس کی بیوی بھی گھر پر موجود تھی جس کے بعد راہول کمار کو اسپتال منتقل کیا لیکن وہ پہلے ہی دم توڑ چکا تھا۔

پولیس نے فلیٹ کے داخلی راستے پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مشکوک شخص کی ویڈیو حاصل کرلی جب کہ مقتول راہول کمار کی بیوی سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

مزید خبریں :