03 دسمبر ، 2024
پاکستان کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے والدین کو بیٹیوں کے ساتھ جہیز دینے کی سختی سے ممانعت کردی۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے یوٹیوب چینل پر ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کو بھر بھر کر جہیز دیا تھا لیکن ان کے دامادوں کو شرم نہیں۔
بشریٰ انصاری نے کہا کہ والدین بیٹیوں کو بڑا کرکے انہیں پڑھا لکھا کر ان کی شادیاں اس امید پر کرواتے ہیں کہ اب وہ خوش رہیں گی، اپنی خوشیاں مار کر والدین بیٹیوں کو شادی کے وقت ہر چیز دیتے ہیں جب کہ آگے سے داماد اس چیز پر شکرگزار اور خوش ہونے کے بجائے ڈھیٹ بن جاتے ہیں اور قدر نہیں کرتے۔
بشریٰ انصاری نے شادی کے نام پر جہیز لینے والے افراد کے لیے سخت لفظ استعمال کرتے ہوئے انہیں بے غیرت کہا اور ساتھ معذرت بھی کی۔
سینئر اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے بھی اپنی بیٹیوں کی پرورش اور ان کی تعلیم پر خرچہ کیا، دن رات محنت کرکے ان کی شادیاں کروائیں، کپڑے، زیور اور فرنیچرکے علاوہ اپارٹمنٹ بھی دیا، بیٹیوں کے شوہروں کو بیٹوں کی طرح سمجھ کر محبت میں چیزیں دیں لیکن وہ ڈھیٹ نکلے۔
اداکارہ کی وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کیے اور سوال کیا کہ کیا آپ کی بیٹیوں کی شوہروں سے علیحدگی ہوئی ہے؟ تاہم بشریٰ انصاری کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔