Time 03 دسمبر ، 2024
صحت و سائنس

توند نکلنے سے سنگین مرض کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف

توند نکلنے سے سنگین مرض کا خطرہ بڑھنے کا انکشاف
یہ بات ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

پیٹ اور کمر کے گرد چربی میں اضافے یا آسان الفاظ میں توند نکلنے سے الزائمر امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسن کی تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ پیٹ اور کمر کے گرد چربی کے ساتھ دماغ میں amyloid اور tau نامی پروٹینز کا اجتماع بڑھتا ہے جن کو الزائمر امراض سے منسلک کیا جاتا ہے۔

یہ پروٹینز دماغی خلیات کو ایک دوسرے سے رابطوں سے روکتے ہیں اور الزائمر امراض کے شکار افراد میں ان کی سطح بہت زیادہ ہوتی ہے۔

اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ عموماً الزائمر کی علامات عمر کی 7 ویں دہائی کے وسط میں نمودار ہوتی ہیں مگر جن افراد کی توند ہوتی ہے، ان میں 20 سال پہلے ہی ڈیمینشیا کی علامات سامنے آسکتی ہیں۔

تحقیق میں 80 افراد کو شامل کیا گیا جن کی اوسط عمر 49 سال تھی اور ان کے دماغی اسکینز کیے گئے۔

کسی بھی فرد میں دماغی تنزلی کی نشانیاں نظر نہیں آئی تھیں۔

بعد ازاں ان افراد کے معدے کے ایم آر آئی اسکینز بھی کیے گئے تاکہ توند کی چربی کی مقدار کا تعین کیا جاسکے جبکہ ان کے گلوکوز، انسولین اور کولیسٹرول کی سطح کو بھی دیکھا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ پیٹ اور کمر کے گرد زیادہ مقدار میں چربی سے دماغ میں الزائمر امراض کی نشانیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تحقیق کے مطابق انسولین کی مزاحمت اور جسم میں صحت کے لیے مفید کولیسٹرول کی سطح میں کمی سے بھی دماغ میں مضر پروٹینز کی سطح بڑھتی ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھ کر بڑھاپے میں الزائمر امراض سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تحقیق کے نتائج بہت اہم ہیں کیونکہ ہم نے درمیانی عمر میں الزائمر امراض کے بارے میں جانچ پڑتال کی، جب یہ مرض ابتدائی مراحل میں ہوتا ہے، اس وقت جسمانی وزن اور توند کی چربی میں کمی سے اس مرض کی روک تھام کی جاسکتی ہے یا اسے زیادہ عرصے تک ٹالا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحقیق سے معلوم ہوتا ہے کہ موٹاپے سے الزائمر امراض کا خطرہ کیوں بڑھ جاتا ہے۔

اس تحقیق کے نتائج ریڈیولوجیکل سوسائٹی آف نارتھ امریکا کے سالانہ اجلاس کے موقع پر پیش کیے گئے۔

مزید خبریں :