04 دسمبر ، 2024
لاہور کے علاوہ ملک بھر کے ریلوے اسٹیشنز کے اسکینرز اور واک تھرو گیٹس خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
قومی اسمبلی کی ذیلی قائمہ کمیٹی ریلویز کا اجلاس رمیش لال کی زیرصدارت ہوا۔ قائمہ کمیٹی اجلاس میں ریلوے سکیورٹی کے ابترحالات کا انکشاف ہوا اور ریلوے پولیس حکام نے بتایاکہ لاہورکے علاوہ ملک بھر میں ریلوے اسکینرخراب ہیں اور واک تھرو گیٹ سارے خراب ہیں۔
حکام کا کہناتھاکہ کوئٹہ ریلوے اسٹیشن کی دیواربھی ٹوٹی ہوئی ہے۔
چیئرمین کمیٹی نے ریمارکس دیے کہ ریلوے حکام ٹریک کے اطراف میں تجاوزات ختم نہیں کرسکے، کسی بھی وقت کوئی بڑا ٹرین حادثہ ہوسکتا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیاکہ ریلوے حکام تجاوزات میں بھتے لیتے ہیں، ریلوے افسران ادارے کو نقصان پہنچا رہے ہیں، سکھرڈویژن میں بیس بیس کروڑ روپے کی پراپرٹی پرقبضہ ہے۔
ریلوے حکام نے بتایاکہ مین لائن کے علاوہ ٹریک پر ٹرینیں نہیں چلتیں، کراچی سے پشاور مین لائن کے علاوہ سائیڈ لائنز روزبروز خراب ہورہی ہیں، ایک کمپنی بنائی گئی جوریلویز اراضی کے معاملات دیکھے گی۔
کمیٹی ممبر وسیم قادر نے مطالبہ کیاکہ ریلوے افسران کا احتساب ہونا چاہیے، ریلویز ہیڈکوارٹر میں میٹنگ بلائی جائے، ریلویز کے چیئرمین اورچیف ایگزیکٹو کو کمیٹی میں مدعو کیا جائے۔