05 دسمبر ، 2024
سابق بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے ایم ایس دھونی سے 10 سالوں سے کوئی بات نہیں کی۔
حال ہی میں بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران ہربھجن سنگھ نے بتایا کہ ’مجھے سابق کپتان دھونی سے کوئی شکایت نہیں ہے لیکن اس کے باوجود میں ان سے اب بات نہیں کرتا اور نہ ہی میری دھونی سےکوئی دوستی ہے‘۔
دوران انٹرویو ہربھجن سنگھ نے بتایا کہ’ جب میں آئی پی ایل کی ٹیم چنئی سپر کنگز میں کھیل رہا تھا تب ہم نے بات کی تھی لیکن اس کے بعد ہم نے کبھی بات نہیں کی، شاید اس بات کو 10 سال یا اس سےزائد کا عرصہ گزرچکا ہے‘ ۔
ہربھجن نے دھونی سے اختلاف کی کوئی ٹھوس وجہ دینے کے بجائے ٹال مٹول سے جواب دیتے ہوئے کہا کہ’ میرے پاس کوئی وجہ نہیں ہے، شاید دھونی کے پاس ہو لیکن مجھے ان وجوہات کا علم نہیں، آئی پی ایل کھیلنےکے بعد وہ میرے پاس کبھی نہیں آئے اور پھر نہ ہی میں کبھی ان کے پاس گیا‘۔
سابق کرکٹر نے مزید بتایا کہ میرے پاس دھونی کے خلاف کچھ بھی نہیں ہے، اگر دھونی کو شکایت ہے تو وہ مجھے بتاسکتا ہے ، میں نے اسے کبھی کال بھی نہیں کی کیوں کہ میں صرف انہیں کال کرتا ہوں جو میری کال پک کریں، اسی طرح میں صرف ان لوگوں سے رابطے میں رہتا ہوں جو میرے دوست ہوں اور میری عزت کریں‘۔
یاد رہے کہ ہربھجن اور دھونی 2007 کے ٹی ٹوئنٹی اور 2011 کے ون ڈے ورلڈکپ میں ایک ساتھ کھیل چکے ہیں، ہربھجن نے دھونی کی کپتانی میں 133 میچ کھیلے ہیں جس دوران انہوں نے 229 وکٹیں لیں۔
مزید برآں آخری مرتبہ ہربھجن اور دھونی کو ایک ساتھ 2015 میں جنوبی افریقا کے خلاف ون ڈے میچ میں دیکھا گیا تھا جب کہ 2015 کے ورلڈکپ کے بعدہربھجن کو ٹیم سے باہر کر دیا گیا تھا۔