26 فروری ، 2013
اسلام آباد…سپریم کورٹ میں آئی جی سندھ کو توہین عدالت کا شو کاز نوٹس جاری کیے جانے کے بعد تین ایس ایس پیز کو سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔سینٹرل پولیس آفس رپورٹ کرائے جانے والے افسران میں ایس ایس پی جامشورہ فرخ بشیر، ایس ایس پی حیدرآباد پیر فرید جان سرہندی اور ایس ایس پی نوابشاہ خالد مصطفی کورائی شامل ہیں، یہ فیصلہ سپریم کورٹ میں آئی جی سندھ کو شو کاز نوٹس دیئے جانے کے بعد کیا گیا ہے۔ عدالت نے ایم آئی ٹی کی رپورٹ پر آئی جی سندھ کو 400 پولیس افسران کو عہدے سے ہٹانے، ان کے خلاف کارروائی اور اس پر عملدرآمدسے متعلق رپورٹ جمع کرائے جانے کی ہدایت کی تھی۔ آئی جی سندھ کی جانب سے جب عدالت میں کمپلائنس رپورٹ جمع کروائی گئی تو ان افسران کا نام رپورٹ میں شامل نہیں تھا۔ یہ انکشاف جب آج وکلاء کی جانب سے عدالت میں کیا گیا تو آئی جی سندھ کوئی جواب نہ دے پائے جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے آئی جی سندھ کو شوکاز نوٹس جاری کیا۔ تینوں افسران کو آئی جی سندھ کو شوکاز نوٹس کے بعد سی پی او رپورٹ کروایا گیا ہے۔ عدالت میں وکلا کی جانب سے ان افسران پر اغواء اور قتل جیسے سنگین مقدمات درج ہونے کا انکشاف کیا گیا تھا۔