Time 08 دسمبر ، 2024
دنیا

بشارالاسد دمشق سے نکل گئے، شامی فوج بھی دارالحکومت کے مضافات سے ہٹ گئی: امریکی میڈیا کا دعویٰ

بشارالاسد دمشق سے نکل گئے، شامی فوج  بھی دارالحکومت کے مضافات سے ہٹ گئی: امریکی میڈیا کا دعویٰ
باغیوں نے دمشق کے جنوبی ٹاؤن صنمین پر قبضےکا دعوٰی بھی کیا ہے،فوٹو: عرب میڈیا

امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہےکہ شامی صدر بشارالاسد دمشق میں نہیں ہیں۔

امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق ذرائع نے بتایا ہے کہ شام کے صدر بشار الاسد دمشق میں نہیں ہیں۔

سی این این کے مطابق شامی صدارتی محل نے کہا ہےکہ صدر ملک میں ہی ہیں تاہم ذرائع نے بتایا ہےکہ شامی صدر دمشق میں کسی بھی ایسے مقام پر نہیں ہیں جہاں ان کے ہونے کی توقع ہو۔

امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق بشارالاسد کے صدارتی محافظ بھی ان کی معمول کی رہائش گاہ پر تعینات نہیں ہیں جس کے باعث ان قیاس آرائیوں کو تقویت ملتی ہےکہ بشار الاسد فرار ہوچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق باغی فورسز کے پاس بشارالاسد کے مقام کے بارے میں کوئی ٹھوس انٹیلی جنس رپورٹ نہیں ہیں اور وہ انہیں تلاش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب شامی باغیوں کی دمشق کی جانب پیش قدمی تیزی سے جاری ہے۔

امریکی اخبار کے مطابق شامی فوج دمشق کے مضافات سے پیچھے ہٹ گئی ہے جب کہ باغیوں نے دمشق کے جنوبی ٹاؤن صنمین پر قبضےکا دعوٰی بھی کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق باغیوں کی دارالحکومت دمشق کی جانب پیش قدمی کے باعث شامی صدربشارالاسد کی کابینہ اور بڑی تعداد میں فوجی ائیربیس میں جمع ہوگئے ہیں۔

بشارالاسد دمشق سے نکل گئے، شامی فوج  بھی دارالحکومت کے مضافات سے ہٹ گئی: امریکی میڈیا کا دعویٰ

عرب میڈیا کا یہ بھی کہنا ہےکہ شامی اسٹیک ہولڈرز نے بشارالاسدکے اقتدار کے خاتمے کے بعدکا پلان تیار کرلیا ہے۔ مجوزہ پلان کے مطابق بشارالاسد کے اقتدار کے خاتمے کے بعد عبوری حکومت تشکیل دی جائےگی، عبوری حکومت 9 ماہ کے اندر صدارتی اور پارلیمانی انتخابات کرانے کی پابند ہوگی۔

ادھر شامی صدارتی محل نے صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات کی تردید کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق شامی صدر بشار الاسد کے ملک چھوڑنے کی اطلاعات کے چند گھنٹے بعد شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے شامی صدارتی محل کا بیان جاری کیا جس میں ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئےکہا گیا ہےکہ صدر دمشق میں ہی ہیں اور اپنی ذمہ داریاں سرگرمی سے نبھانے میں مصروف ہیں۔

شامی آرمی چیف جنرل عبدالکریم محمدابراہیم نے بھی قوم سے خطاب میں کہا ہے کہ شامی عوام باغیوں کی من گھڑت افواہوں پرکان نہ دھریں، شامی فوج بغاوت پر قابو پانے کے لیےکوششیں جاری رکھی ہوئی ہے۔

شامی آرمی چیف کے مطابق فوج نے باغیوں پر شدید حملے کرکے بڑی تعداد میں دہشت گردوں کا صفایا کیا ہے، باغیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دیہی علاقوں میں فوج کے دستے موجود ہیں، عوام کے تعاون سے جلد بغاوت پر قابو پالیا جائےگا۔

مزید خبریں :