08 دسمبر ، 2024
شام میں باغیوں نے پانچویں شہر درعا پر قبضےکے بعد اب حمص شہر پر بھی مکمل کنٹرول حاصل کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ باغیوں کی دمشق کی طرف پیش قدمی بھی جاری ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق شامی صدر بشار الاسد کی حکومت کے خلاف لڑنے والے باغی گروہ حیات تحریر الشام کے باغیوں نے اتوار کو حکومت کے خلاف زبردست کارروائی کے دوران اہم شہر حمص پر قبضہ کرنے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل شام کا شمالی شہر ادلب پہلے ہی باغیوں کے قبضے میں ہے جبکہ حالیہ حملوں کے دوران باغی حلب اور حما کاکنٹرول بھی حاصل کرچکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ باغیوں نے حمص کی سینٹرل جیل پر بھی قبضہ کیا اس دوران فوجی جیل سے ساڑھے 3 ہزار سے زائد قیدیوں کو بھی چھوڑ دیا گیا۔
دوسری جانب باغی دارالحکومت دمشق سے 10 کلو میٹر کے فاصلے پر پہنچ گئے جبکہ شامی فوج دمشق کے مضافات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔
ادھر امریکی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ شامی صدربشارالاسد دمشق میں نہیں ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اردن اور مصر نے شامی صدر بشارالاسد کو شام چھوڑنے کا مشورہ دیا ہے جسے شامی صدر نے مسترد کردیا ۔
اس کے علاوہ امریکی اور مغربی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بشارالاسد حکومت آئندہ ہفتے ختم ہونے کا امکان ہے۔
اس سے قبل شامی آرمی چیف نے قوم سے خطاب میں عوام کے تعاون سے جلد بغاوت پر قابو پانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام باغیوں کی من گھڑت افواہوں پر کان نہ دھرے۔
دوسری جانب صوبے سویدا میں عمارت پر لگے صدر بشار الاسد کے پورٹریٹ پھاڑ دیے گئے جبکہ حما شہر میں بشار الاسد کے والد حافظ الاسد کا مجسمہ بھی گرا دیا گیا۔