Time 08 دسمبر ، 2024
دنیا

شامی باغیوں کا دارالحکومت دمشق پر قبضے اور صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونیکا دعویٰ

شام میں باغیوں نے مختلف شہروں کے بعد دارالحکومت دمشق پر بھی قبضے اور صدر بشار الاسد کے ملک سے فرار ہونے کا دعویٰ کیا ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق مقامی شہریوں نے بتایا کہ دمشق میں گولیاں چلنے کی آوازیں اور دھماکے سنے جا رہے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق شام کے باغیوں نے دمشق ائیرپورٹ اور سرکاری ٹی وی کی عمارت پرقبضے کا دعویٰ کیا ہے، دمشق میں شامی وزارت داخلہ کی عمارت باغیوں کے قبضے میں آگئی ہے۔

عرب میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ دارالحکومت پر باغیوں کے قبضے کی اطلاعات کے بعد دمشق کے مرکزی اسکوائر  پر ہزاروں شہری جمع ہو گئے اور جشن اور نعرے بازی شروع کر دی۔ 

شامی اپوزیشن وار مانیٹر کے سربراہ کا کہنا ہے کہ صدر بشارالاسد ملک چھوڑ کر طیارے میں کسی نامعلوم مقام کی طرف چلے گئے ہیں، صدر بشارالاسد آج صبح طیارے میں بیٹھ کر دمشق سے فرار ہوئے۔

اس کے علاوہ امریکی میڈیا نے بھی دعویٰ کیا ہے کہ شامی صدربشارالاسد دمشق میں موجود نہیں ہیں جبکہ شامی فوج دمشق کے مضافات سے پیچھے ہٹ گئی ہے۔

امریکی اور مغربی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بشارالاسد حکومت آئندہ ہفتے ختم ہونے کا امکان ہے۔

امریکی میڈیا کے مطابق تمام ایرانی فوجی عہدیدار خصوصی پرواز کے ذریعے دمشق سے تہران روانہ ہوگئے ہیں جبکہ پولینڈ نے اپنے شہریوں کو شام سے فوری نکلنے کا حکم دے دیا ہے۔ اس کے علاوہ حمص شہر سے درجنوں فوجی گاڑیوں کو نکلتے دیکھاگیا، حمص کے مرکزی سکیورٹی ہیڈکوارٹرز سے بھی سکیورٹی اہلکار نکل گئے۔

شامی حکومت کا ردعمل:

خبر ایجنسی کے مطابق شام کی حکومت کا فوری طورپرردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ رات شامی باغی فورسز نےمرکزی شہر حمص کاکنٹرول سنبھال لیا تھا، حمص شام کا تیسرابڑا شہراور دمشق اورشام کے ساحلی صوبوں کے درمیان اہم علاقہ ہے۔

عوام باغیوں کی من گھڑت افواہوں پر کان نہ دھرے، شامی آرمی چیف

عرب میڈیا کے مطابق شامی آرمی چیف جنرل عبدالکریم محمد ابراہیم نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ شامی عوام باغیوں کی من گھڑت افواہوں پر کان نہ دھرے، شامی فوج بغاوت پرقابو پانےکے لیےکوششیں جاری رکھے ہوئے ہے، فوج نے باغیوں پر شدید حملے کرکے بڑی تعداد میں دہشت گردوں کا صفایا کیا۔

جنرل عبدالکریم محمدابراہیم نے کہا کہ باغیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے دیہی علاقوں میں فوج کے دستے موجود ہیں، عوام کے تعاون سے جلد بغاوت پر قابو پا لیا جائے گا۔

مزید خبریں :