Time 08 دسمبر ، 2024
انٹرٹینمنٹ

'عزت نفس مجروح ہوئی'، ابھیجیت نے شاہ رخ کیساتھ کام کیوں چھوڑا؟ لڑائی کی اصل وجہ سامنے آگئی

عزت نفس مجروح ہوئی، ابھیجیت نے شاہ رخ کیساتھ کام کیوں چھوڑا؟ لڑائی کی اصل وجہ سامنے آگئی
ہم دونوں میں انا ہے، ہماری سالگرہ میں صرف ایک دن کا فرق ہے۔ ہم دونوں کا برج عقرب ہے، مجھے ان کی یا ان کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے: گلوکار کی گفتگو—فوٹو: فائل

بالی وڈ فلموں میں شاہ رخ خان کے لیے سپر ہٹ گانے گانے والے معروف گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے شاہ رخ سے جھگڑے کی اصل وجہ بیان کی ہے۔

ابھیجیت نے شاہ رخ خان کی کئی فلموں کے لیے مشہور گانے گائے جو مشہور ہوئے اور آج تک ان گانوں کے مداح موجود ہیں، 90 کی دہائی میں شاہ رخ خان کے لیے گانے گانے والے ابھیجیت کے اداکار سے تعلقات خراب ہوگئے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے پر گلوکار نے اب کھل کر بات کی ہے، جب ان سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے شاہ رخ کے لیے گانا کیوں چھوڑ دیا تو گلوکار نے کہا 'جب عزت نفس مجروح ہوتی ہے تو انسان یہ کہنے پر مجبور ہوجاتے ہے کہ بس اب بہت ہوگیا،   میں ان (شاہ رخ) کے لیے گانا نہیں گاتا تھا بلکہ میں اپنے کام کے لیے گاتا تھا'۔

ابھیجیت نے کہا 'میں نے دیکھا کہ ہر کسی کو اس کے کام کا کریڈٹ دیا جارہا ہے یہاں تک کہ فلم کے سیٹ پر چائے دینے والے کے کام کو سراہا جارہا ہے لیکن میرے کام کی کوئی قدر نہیں تو میں نے سوچا کہ پھر میں آپ کی آواز کیوں بنوں؟'

جب پوچھا گیا کہ کیا شاہ رخ نے دوبارہ روابط استوار کرنے کا نہیں کہا؟ تو جواب میں انہوں نے کہا ایسا نہیں ہے کہ میرا ایس آر کے سے رشتہ ٹوٹ گیا ہے، لیکن شاہ رخ اب اتنے بڑے اسٹار ہیں کہ اب وہ صرف ایک انسان نہیں رہے، یہاں تک کہ انہیں بھی شاید احساس نہیں کہ وہ کس سطح پر پہنچ گئے ہیں'۔

انہوں نے کہا ' ایسے میں میں ان سے کچھ امید کیوں رکھوں؟ میں اب بھی وہی شخص ہوں جو میں تھا، میں اپنے طریقے سے آگے بڑھ رہا ہوں، میں ان سے پانچ یا چھ سال بڑا ہوں، کسی کو معافی مانگنے کی ضرورت نہیں، ہم دونوں میں انا ہے، ہماری سالگرہ میں صرف ایک دن کا فرق ہے۔ ہم دونوں کا برج عقرب ہے، مجھے ان کی یا ان کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ ابھیجیت کے گائے گئے جو مشہور گانے شاہ رخ پر فلمائے گئے ان میں توبہ تمہارے یہ اشارے، فلم چلتے چلتے کا ٹائٹل ٹریک، وہ لڑکی جو سب سے حسین ہے، ذرا سا جھوم لوں میں، ہم تو دیوانے ہوئے یار، تمہیں جو میں نے دیکھا وغیرہ شامل ہیں۔

مزید خبریں :