Time 09 دسمبر ، 2024
دنیا

ویڈیو: سرنگ سے راستے، پرآسائش کمرے اور جدید ترین سہولیات، بشار الاسد کا زیر زمین عالیشان محل

حیات التحریر الشام کی فورسز کے ہاتھوں شکست کھا کر روس فرار ہونے والے سابق شامی صدر بشار الاسد کے عالیشان محلات کو ملانے والی جدید ترین سہولتوں سے آراستہ زیر زمین طویل سرنگ کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ 

گزشتہ روز شامی اپوزیشن فورسز کی جانب سے دارالحکومت دمشق پر قبضے کے بعد سے بشار الاسد کے زیر استعمال عالیشان محلات اور لگژری گاڑیوں کی ویڈیوز اور تصاویر منظر عام پر آ رہی ہیں۔

اس کے علاوہ سوشل میڈیا پر شامی جیلوں سے رہا ہونے والے ان افراد کی ویڈیوز بھی موجود ہیں جو کئی دہائیوں سے قید تھے، رہائی پانے والوں میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

تاحال یہ تو معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ بشار الاسد فیملی کے ہمراہ روس فرار ہوتے وقت اپنے ساتھ کیا کچھ لیکر بھاگے لیکن ان کے زیر استعمال اشیا کو دیکھ کر شاہانہ طرز زندگی کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔

اب بشار الاسد کے زیر استعمال جدید ترین سہولیات سے آراستہ خفیہ سرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر گردش کر رہی ہے تاہم اس بات کی تصدیق نہیں ہو سکی ہے کہ آیا یہ بشار الاسد کے زیر استعمال سرنگ ہی ہے یا پھر کہیں اور کی ویڈیو ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں ایک شخص کو زیر زمین سرنگ کی موبائل فون سے ویڈیو بناتے دیکھا جا سکتا ہے، متعلقہ شخص سرنگ کے مختلف راستوں سے ہوتا ہوا گزر رہا ہے اور راہداریوں میں آنے والے پر آسائش کمرے، حمام اور دیگر مقامات کے بارے میں بھی بتا رہا ہے۔

مزید خبریں :