09 دسمبر ، 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی کواجازت نہیں دیں گے انتشار پھیلا کر مستحکم ہوتی معیشت سبوتاژ کرے۔
پیر کو امن وامان کی صورتحال پر اجلاس میں وزیراعظم نے ہدایت دی کہ اسلام آباد میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ کرنے والوں کے خلاف کارروائی تیز کی جائے اور یقینی بنایا جائے کہ انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی میں کوئی بے گناہ گرفتار نہ ہو۔
وزیراعظم نے انتشار و فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی کا عمل مؤثر بنا کر ٹھوس ثبوت حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کسی کواجازت نہیں دیں گے کہ انتشار پھیلا کر مستحکم ہوتی معیشت سبوتاژ کرے۔ فساد پھیلانے والوں کے خلاف قائم کی گئی ٹاسک فورس کو ہر ممکن وسائل فراہم کیے جائیں۔