10 دسمبر ، 2024
دمشق: محمد البشیر کو شام کی عبوری حکومت کا نگران وزیر اعظم مقرر کردیا گیا۔
محمد البشیر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ انہیں یکم مارچ 2025 تک شام کا نگران وزیر اعظم بنایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق محمد البشیر اس سے قبل شامی اپوزیشن کے کنٹرول والے علاقوں میں حکومت کی سربراہی کررہے تھے۔
اپوزیشن فورسز کی جانب سے شامی دارالحکومت دمشق پر قبضے کے بعد اعلان کیا گیا تھا کہ اقتدار کی منتقلی تک سابق وزیراعظم محمد غازی الجلالی حکومتی معاملات چلائیں گے۔
محمد البشیر کا تعلق ادلب کے علاقے جبل الزاویا سے ہے، انہوں نے 2007 میں حلب یونیورسٹی سے الیکٹرانک انجینئرنگ کی ڈگری حاصل کی، بعد ازاں انہوں نے 2021 میں ادلب یونیورسٹی سے شریعہ لا میں ڈگری حاصل کی، انہوں نے ایڈمنسٹریٹو پلاننگ اور پراجیکٹ منیجمنٹ کی تعلیم حاصل کی ہے۔
وہ سیرین گیس کمپنی کے ساتھ ایک گیس پلانٹ کی تعمیر کی بھی نگرانی کرچکے ہیں۔
2021 میں سابق شامی صدر بشار الاسد کے خلاف عوامی تحریک کے باعث انہوں نے 2021 میں سرکاری نوکری چھوڑ کر اپوزیشن فورسز میں شمولیت اختیار کی۔
سال 2022 سے 2023 تک محمد البشیر شامی اپوزیشن کی حکومت میں وزیر برائے تعمیر و ترقی رہے۔
جنوری 2024 میں شامی اپوزیشن کی شوریٰ کونسل نے انہیں وزیر اعظم منتخب کیا۔
محمد البشیر نے ای- گورنمنٹ اور سرکاری خدمات کی آٹومیشن کو ترجیح دی، ان کے دور میں ادلب میں تعمیراتی اور انتظامی قوانین میں کئی تبدیلیاں کی گئیں۔
اپوزیشن فورسز کی جانب سے حلب کا کنٹرول حاصل کرنے بعد گزشتہ دنوں محمد البشیر نے حلب کا دورہ کرکے ان سرکری ملازمین کی تعریف کی تھی جو دفاتر میں واپس آئے تھے۔