11 دسمبر ، 2024
پاکستان سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں صارفین کو میٹا کی سوشل میڈیا سروسز واٹس ایپ ، فیس بک اور انسٹا گرام تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ایکس پر صارفین کی جانب سے اس مسئلے کی نشاندہی کی گئی ہے اور پاکستان سمیت دنیا بھر سے لوگوں نے بتایا ہےکہ فیس بک اور انسٹا گرام سمیت واٹس ایپ سے میسجز نہیں جارہے اور اس کے علاوہ آڈیو اور ویڈیو کالنک سروسز بھی معطل ہیں۔
اس کے علاوہ صارفین نے میٹا کے سوشل میڈیا نیٹ ورک تھریڈز کی سروس بھی معطل ہونے کی شکایت کی ہے۔
صارفین نے شکایت کی ہے کہ ان کا فیس بک اکاؤنٹ خود بخود لاگ آؤٹ ہوگیا ہے۔
معاملے پر میٹا نے اپنے ایکس اکاؤنٹ کا سہارا لیتے ہوئے کہا کہ ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کچھ صارفین کو ہماری ایپس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم چیزوں کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور کسی بھی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
میٹا کی سروسز متاثر ہونے کے بعد ہمیشہ کی طرح سوشل میڈیا صارفین نے ایکس کا رخ کرلیا اور ایکس پر میمز کی بھرمار ہوگئی۔