Time 13 دسمبر ، 2024
دلچسپ و عجیب

مارک زکربرگ کی نئی گھڑی کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے

مارک زکربرگ کی نئی گھڑی کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے
مارک زکربرگ / فائل فوٹو

میٹا کے بانی مارک زکربرگ دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص ہیں جن کے اثاثوں کی مالیت 223 ارب ڈالرز ہے۔

ویسے ان کی تصاویر دیکھ کر تو محسوس ہوتا ہے کہ وہ زیادہ پیسے خرچ کرنا پسند نہیں کرتے کیونکہ وہ اکثر سادہ ٹی شرٹس ہی پہنے نظر آتے ہیں جبکہ کمپنی کی جانب سے انہیں محض ایک ڈالر تنخواہ دی جاتی ہے۔

مگر حالیہ مہینوں میں مارک زکربرگ نے اپنا ذاتی انداز کو کافی حد تک بدلا ہے اور چمکتی سونے کی چین اب اکثر گلے میں جھولتی نظر آتی ہے۔

مگر آج کل وہ جو گھڑی استعمال کر رہے ہیں اس کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے۔

وہ آج کل Bulgari Octo Finissimo Ultra COSC نامی گھڑی استعمال کر رہے ہیں۔

یہ دنیا کی سب سے پتلی مکینیکل گھڑی ہے جس کی موٹائی محض 1.7 ملی میٹر ہے یا یوں کہہ لیں کہ یہ ایک دوسرے پر رکھے 2 کریڈٹ کارڈز سے بھی زیادہ پتلی ہے۔

ایک انسٹا گرام ویڈیو میں مارک زکربرگ کی کلائی میں یہ گھڑی نظر آئی۔

اس گھڑی کی قیمت 5 لاکھ 30 ہزار ڈالرز (14 کروڑ 73 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ہے اور اب تک اس کے محض 20 یونٹ ہی تیار کیے گئے ہیں۔

اس گھڑی میں 170 پرزہ جات کو بہت زیادہ پتلے کیس میں شامل کیا گیا ہے۔

مارک زکربرگ کی نئی گھڑی کی قیمت دنگ کر دینے والی ہے
یہ وہ گھڑی ہے / اسکرین شاٹ

ٹائیٹینیم کیس کو ہر ممکن حد تک پتلا رکھنے کی کوشش کی گئی ہے۔

اس سے قبل ستمبر 2024 میں مارک زکربرگ De Bethune DB25 Starry Varius Aérolite نامی بہت نایاب گھڑی پہنے نظر آئے تھے۔

اس گھڑی کا ڈائل ایک شہاب ثاقب سے تیار کیا جاتا ہے جس کا ڈیزائن کہکشاں جیسا ہوتا ہے جبکہ اس پر 24 قیراط سونے کے پتے موجود ہوتے ہیں۔

اس کا اسٹریپ مگرمچھ کی کھال سے تیار کیا جاتا ہے۔

اس گھڑی کی واضح قیمت تو معلوم نہیں مگر ایک تخمینے کے مطابق یہ کم از کم 2 لاکھ 60 ہزار ڈالرز کی ہوتی ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ پہلے مارک زکربرگ گھڑی پہننا پسند نہیں کرتے تھے۔

مگر مکیش امبانی کے بیٹے کی شادی کے دوران وہ اننت امبانی کی گھڑی سے بہت زیادہ متاثر ہوئے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ 'میں کبھی گھڑی خریدنا نہیں چاہتا تھا، مگر اسے دیکھنے کے بعد مجھے لگا کہ گھڑیاں تو زبردست ہوتی ہیں'۔

مارک زکربرگ نے اپنے ملبوسات کا انداز بھی بدلا ہے اور ایک پوڈکاسٹ میں بات کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے کہا کہ انہوں نے اپنی نئی شرٹ کو خود ڈیزائن کیا ہے۔

مزید خبریں :