پاکستانی عمرہ زائرین کو بھیک نہ ما نگنے کا حلف نامہ جمع کرانے کی کوئی سرکاری پالیسی نہیں ہے تاہم، امیگریشن حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے افراد پر نظر رکھیں جو بھیک مانگنے میں ملوث ہو سکتے ہیں
14 دسمبر ، 2024
سوشل میڈیا پر دعوے گردش کر رہے ہیں کہ پاکستانی حکومت نے نئی پالیسی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت عمرہ زائرین پر سعودی عرب سفر سے پہلے بھیک نہ مانگنے کا حلف نامہ جمع کرانے کی شرط عائد کی گئی ہے۔
دعویٰ گمراہ کن ہے۔
20 نومبر کو، ایک صارف نے X (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا:’ پاکستانی عمرہ زائرین کو سعودی عرب روانگی سے پہلے یہ حلف نامہ جمع کرانا ہوگا کہ وہ سعودی عرب جا کر بھیک نہیں مانگیں گے۔‘
اس آرٹیکل کے شائع ہونے تک اس پوسٹ کو 8 لاکھ51ہزار سے زائد بار دیکھا، 2 ہزار 300 سے زائد مرتبہ دوبارہ پوسٹ اور 11ہزار سے زائد دفعہ لائک کیا گیا۔
21 نومبر کو، ایک انسٹاگرام صارف نےبھی ایسا ہی دعویٰ کیا: ’پاکستانی عمرہ زائرین کو اب سعودی عرب جانے سے پہلے ایک حلف نامہ جمع کرانا ہوگا جس میں اس بات کی گواہی دی جائے گی کہ وہ وہاں جاکر پیسوں کی بھیک نہیں مانگیں گے۔‘
اس پوسٹ کو اب تک 2 ہزار 700 سے زائد مرتبہ لائک اور 1100 سے زائد دفعہ شیئر کیا گیا۔
پاکستانی عمرہ زائرین کو بھیک نہ ما نگنے کا حلف نامہ جمع کرانے کی کوئی سرکاری پالیسی نہیں ہے تاہم، امیگریشن حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایسے افراد پر نظر رکھیں جو بھیک مانگنے میں ملوث ہو سکتے ہیں۔
مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی کے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے جیو فیکٹ چیک کو فون پر بتایا: ’ تحریری ڈکلیریشن کا دعویٰ سو فیصد غلط ہے۔‘
انہوں نے وضاحت کی کہ وزارت مذہبی امور، وزارت اوورسیز پاکستانیز اینڈ ہومن ریسورس ڈویلپمنٹ یا وزارت داخلہ کی جانب سے ایسی کوئی ہدایات جاری نہیں کی گئی ہیں۔
وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (FIA) کے ڈائریکٹر جنرل کے دفتر کے ایک افسر وقاص نے بھی تصدیق کی کہ کسی تحریری ڈکلیریشن کی ضرورت نہیں ہے، انہوں نے مزید کہا کہ مسافروں کو معمول کے مطابق چیک کیا جاتا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ کوئی بھی بھیک مانگنے کے لیے تو سعودی عرب نہیں جارہا ہے ۔
انہوں نے مزید کہا’ [حکومت کی طرف سے بھکاریوں پر نظر رکھنے کے لیے] ہدایات ہیں۔‘ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (PIA) کے ترجمان عبداللہ حفیظ خان نے بھی حلف نامہ کی کسی شرط کو مسترد کر دیا۔
اسلام آباد میں المالک ٹریولز اینڈ ٹورز، لاہور میں بلس ٹریولز اینڈ ٹورز اور کراچی میں ایکسپرٹس ٹریول کے ٹریول ایجنٹس نے بھی اس کی مزید تصدیق کی کہ عمرہ زائرین کے لیے سعودی عرب جانے سے پہلے حلف نامہ جمع کرانے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہمیں X (ٹوئٹر)پر@GeoFactCheckاور انسٹا گرام@geo_factcheck پر فالو کریں۔
اگر آپ کو کسی بھی قسم کی غلطی کا پتہ چلے تو [email protected] پر ہم سے رابطہ کریں۔