14 دسمبر ، 2024
بھارت کی مقامی تیلگو فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار الو ارجن کے مداح نے دلبرداشتہ ہو کر جیل کے باہر خودسوزی کی کوشش کی۔
گزشتہ روز الو ارجن کو بھگدڑ سے ہلاکت کے کیس میں گرفتار کیا گیا تھا اور عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔
تلنگانہ ہائیکورٹ نے الو ارجن کو 50 ہزار بھارتی روپے کے مچلکوں کے عوض 4 ہفتوں کی عبوری ضمانت منظور کی تھی لیکن رہائی کی روبکار دیر سے جاری ہونے پر انہیں رات جیل میں گزارنا پڑی۔
تاہم انہیں آج علی الصبح جیل سے رہا کردیا گیا۔
گزشتہ شب الو ارجن کے مداح نے اداکار کی رہائی کیلئے جیل کے باہر خودسوزی کی کوشش کی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق 25 سالہ مداح حیدرآباد کے چنچال گڈا سینٹرل جیل کے باہر پہنچا اور الو ارجن کی رہائی کا مطالبہ کیا۔
اس دوران مداح نے خود پر پیٹرول چھڑک کر آگ لگانے کی کوشش کی تاہم وہاں موجود پولیس اہلکار فوری پہنچ گئے اور اس کی خودسوزی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے گرفتار کرلیا۔
پولیس نے ملزم کو علاج معالجے کیلئے اسپتال بھیج دیا۔