17 دسمبر ، 2024
جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں عمارت گرنے سے 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجیوں میں اسرائیلی فوج کا ریزرو میجر اور ریزرو اسٹاف سارجنٹ شامل ہیں۔
اسرائیلی میڈیا نے اسرائیلی فوج کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ جس عمارت میں اسرائیلی فوجی موجود تھے وہ پرانی اور خستہ حال تھی اور اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہیں کہ کہیں اسرائیلی ٹینکوں اور بلڈوزرز کی آمد و رفت کے نتیجے میں تو عمارت منہدم نہیں ہوئی۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے جاری لڑائی میں اب تک 818 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں جن میں سے 386 غزہ میں ہلاک ہوئے ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کا بتانا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے زائد عرصے کے دوران مجموعی طور پر 5 ہزار 490 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب شمالی غزہ میں بھی اسرائیلی فوج پر فلسطینی مزاحمت کاروں کے شدید حملے جاری ہیں۔