27 فروری ، 2013
اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے وضاحت کی ہے کہ اس نے ایچ ای سی کی طرف سے 27ارکان پارلیمنٹ کی جعلی قرار دی گئی ڈگریز کو کلیئر نہیں کیا ، ایچ ای سی نے یہ اسناد متعلقہ یونیورسٹیز سے تصدیق کے بعد خود کلیئر کی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کی طرف سے 27 ارکان پارلیمنٹ کی جعلی ڈگریوں کو کلیئر کرنے کی خبر درست نہیں۔الیکشن کمیشن نے ان 27ارکان پارلیمنٹ کی تفصیلات بھی جاری کی ہیں جن کی ڈگریز کی تصدیق متعلقہ یونیورسٹیز اور ایچ ای سی نے خود کی ہے۔ بیان کے مطابق چیف الیکشن کمشنر بھی خبر کے حوالے سے مضطرب ہیں اور اُنہوں نے معاملے کا جائزہ لینے کا کہا ہے، الیکشن کمیشن نے ان 27 ڈگریز کا معاملہ تفصیلات کے ساتھ دوبارہ ایچ ای سی کو بھی بھجوادیا ہے۔