19 دسمبر ، 2024
اسلام آباد: نان فائلرزپر شکنجہ مزیدسخت کرنے کیلئے وزیرخزانہ محمداورنگزیب نےقومی اسمبلی میں ٹیکس لاء ترمیمی بل 2024-25 پیش کردیا۔
قومی اسمبلی میں پیش کردہ بل کی مجوزہ ترمیم کے مطابق نان فائلرز پر800 سی سی سے بڑی گاڑیاں خریدنے پر پابندی ہوگی، نان فائلرز مخصوص حد سے زیادہ جائیداد اور شیئرز نہیں خرید سکیں گے، اس کے علاوہ ٹیکس چور بینک اکاؤنٹ اوپن نہیں کرا سکیں گے اور مقرر کردہ حد سے زیادہ پیسے بھی اکاؤنٹ سے نہیں نکال سکیں گے۔
مجوزہ ترمیم کے تحت نان فائلرز ایک حد سے زیادہ بینکنگ ٹرانزیکشنز نہیں کرسکیں گے، ان کے سکیورٹیز اور میوچل فنڈز میں سرمایہ کاری پر بھی پابندی ہوگی، نان فائلرز کو صرف موٹر سائیکل رکشہ اور ٹریکٹر خریدنے کی اجازت ہوگی، غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کے بینک اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے۔
بل میں مجوزہ ترمیم کے مطابق نان فائلرز 800 سی سی سے بڑی گاڑیاں نہیں خرید سکیں گے، انہیں صرف موٹر سائیکل، رکشہ اور ٹریکٹر خریدنے کی اجازت ہو گی۔
مجوزہ ترمیم کے تحت نان فائلرز مخصوص حد سے زیادہ جائیداد نہیں خرید سکیں گے جن کے بینک اکاؤنٹ کھلے ہوئے ہیں وہ ایک حد سے زیادہ بینکنگ لین دین نہیں کر سکیں گے، غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد کے بینک اکاؤنٹ منجمد کیے جائیں گے اور غیر رجسٹرڈ کاروباری افراد اپنی جائیداد ٹرانسفر بھی نہیں کر سکیں گے۔
بل میں مجوزہ ترمیم میں واضح کیا گیا ہے کہ حکومت غیر رجسٹرڈ افراد کی جائیداد اور کاروبار بیچ ڈالنے کی مجاز ہوگی، ایف بی آر جن لوگوں کے نام کی فہرست جاری کرے گا ان کے اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے، پابندی کا اطلاق وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد ہوگا۔